Wednesday , August 15 2018
Home / Top Stories / پاکستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات ۔ صدر ممنون حسین کی منظوری

پاکستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات ۔ صدر ممنون حسین کی منظوری

31 مئی کو حکومت اور پارلیمنٹ کی تحلیل ۔ نئے عبوری وزیر اعظم و انتظامیہ کو انتخابی عمل کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی جائے گی
اسلام آباد 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہونگے اور صدر مملکت ممنون حسین نے اس تاریخ کو منظوری دیدی ہے ۔ انتخابی کمیشن کے عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی جبکہ پاکستان کی حکومت اپنے آخری ہفتے میں داخل ہوگئی ہے ۔ پاکستان کی حکومت اور پارلیمنٹ کو 31 مئی کو تحلیل کردیا جائیگا جب ایک نئے عبوری وزیر اعظم اور ایک عبوری انتظامیہ کو سرکاری کام کاج کی ذمہ داری سونپ دی جائیگی ۔ تاہم برسر اقتدار پاکستان مسلم لیگ ( نواز ) اور اپوزیشن کے مابین پارلیمنٹ میں سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے نئے عبوری وزیر اعظم کے تقرر کا اعلان کرنے میں تاخیر ہوئی ہے ۔ کرکٹر سے سیاستدان بننے والے عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف پارٹی امکان ہے کہ ان انتخابات میں برسر اقتدار مسلم لیگ کیلئے اصل چیلنج بن کر ابھرے گی ۔ شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں سبکدوش ہونے والی حکومت صرف دوسری ایسی حکومت ہے جس نے اپنی معیاد مکمل کی ہے ۔ ملک میں یہ انتخابات ایسے وقت میں منعقد ہو رہے ہیں جب یہاں سیاسی عدم استحکام کی صورتحال شدت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ برسر اقتدار پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ نے طاقتور فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سیاست میں مداخلت کر رہی ہے اور اس پارٹی کو کمزور کرنا چاہتی ہے ۔ پاکستان کی فوج نے 1947 میں آزادی کے بعد سے تقریبا نصف عرصہ پاکستان پر حکومت کی ہے ۔ پاکستانی فوج نے ملک کے سیاسی حالات میں کسی طرح کی مداخلت کا الزام مسترد کردیا ہے ۔ جو عبوری انتظامیہ وہاں ذزہ داریاں سنبھالے گا وہ عموما کوئی بڑْ فیصلے نہیں کرتا اور صرف انتخابات کے انعقاد کی نگرانی کرتا ہے تاوقتیکہ وہاں نئی حکومت قائم ہوجائے ۔ پاکستان کو ان دنوں سنگین معاشی بحران کا بھی سامنا ہے اور اس محاذ پر عبوری حکومت کو کام کرنا ہوگا ۔اس دوران پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے سربراہ عمران خان نے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ اب ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل کرنے سے روکنا پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے بس میں نہیں ہے ۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ملک کے عوام نے تبدیلی کا ذہن بنالیا ہے اور ان کی پارٹی عوامی تائید سے شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔

زرداری بھی پارلیمانی انتخاب لڑیں گے
کراچی 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق صدر و پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی نشست کیلئے اپنے آبائی ٹاؤن نواب شاہ سے مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے اس طرح انتخابی و پارلیمانی سیاست میں اپنی واپسی کا اعلان کیا ہے ۔ 62 سالہ زرداری نے سندھ کے چیف منسٹر سید مراد علی شاہ کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار میں یہ اعلان کیا ۔ زرداری نے کہا کہ وہ کسی اور حلقے سے بھی مقابلہ کرسکتے تھے لیکن نواب شاہ سے مقابلہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT