Tuesday , December 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان نے بلٹ پروف بسیں خرید لیں

پاکستان نے بلٹ پروف بسیں خرید لیں

لاہور۔16 جولائی (سیاست ڈاکٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے چار بلٹ پروف بسیں خرید لیں۔ پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے ان چار بسوں کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں خریدا ہے۔واضح رہے 2009 میں لاہور میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ختم ہو کر رہ گئی ہے اور تمام بڑی ٹیمیں سیکورٹی خدشات کے باعث پاکستان آنے کو تیار نہیں ہیں۔پی سی بی نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے کوششیں کرتے ہوئے گزشتہ سال زمبابوے کی ٹیم کو دعوت دی تھی جو طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم بنی۔پی سی بی نے سابق چیئرمین ذکا اشرف کی سرپرستی میں 2012 میں بلٹ پروف بسیں خریدنے کی تجویز دی تھی اور گزشتہ سال بیرونی کھلاڑیوں اور ٹیموں کو پاکستان کے دورے کے لئے قائل کرنے کے غرض سے اس تجویز کو منظور کردیا گیا۔ پی سی بی کے ترجمان کے بموجب ٹیموں کی جانب سے پاکستان کے دورے کی بڑی توقعات ہیں اور ہم ممکنہ سیکورٹی انتظامات کے ذریعہ اس کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اور ان بلٹ پروف بسوں کا ہونا ٹیموں کو پاکستان کے دورے کے لئے قائل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی اور پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ درحقیقت پاکستان  پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا چاہتاہے لیکن اس کے لئے پی سی بی کو بیرونی کھلاڑیوں کو قائل کروانا پڑے گا۔ پی سی بی ترجمان  نے کہا کہ ہمیں کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے حفاظتی معاملات پر بات کرنی ہوگی اور میرے خیال میں ہماری سیکورٹی میں اس تازہ پیش رفت سے مزید آسانی ہو گی۔

TOPPOPULARRECENT