Tuesday , June 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان نے منفی ریکارڈز کی نئی داستاں لکھ دی

پاکستان نے منفی ریکارڈز کی نئی داستاں لکھ دی

ڈونیڈن۔13جنوری(سیاست ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کے 74 رنز ڈھیر ہونے کے ساتھ ہی پاکستان نے کئی منفی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ابتدائی دو ونڈے میچوں کے برعکس تیسرے میچ میں بولنگ نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بیٹنگ لائن کی کارکردگی انتہائی ابتر رہی اور پوری ٹیم 74 رنز پر پویلین لوٹ گئی جو پاکستان کا ونڈے میں مشترکہ طور پر تیسرا کم ترین اسکور ہے۔ونڈے کرکٹ میں پاکستان کا کم ترین اسکور 43 ہے جو اس نے 93-1992 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھاجبکہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کی سرزمین پر سب سے کم رنز پر آؤٹ ہونے کی خفت سے بھی بچ گئی جہاں یہ بدترین ریکارڈ خود میزبان ٹیم کے نام ہے جو 07-2006 میں سری لنکا کے خلاف 73 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔پاکستان کا ونڈے میں دوسرا کم ترین اسکور 71 رنز بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 1992 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 74 رنز پر بھی ڈھیر ہو چکی ہے۔ونڈے کرکٹ میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ زمبابوے کے پاس ہے جو 35 رنز پر آؤٹ ہو کر اس بدترین عالمی ریکارڈ کی مالک بنی تھی۔نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 74 رنز کسی بھی مہمان ٹیم کا ونڈے کرکٹ میں سب سے کم اسکور ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ میں کسی بھی مہمان ٹیم کے کم ترین اسکور کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس تھا جو 89 رنز ہی بنا سکی تھی۔یہ پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے میچوں میں لگاتار نویں شکست ہے اور یہ کسی بھی ٹیم کے خلاف مستقل شکستوں کا مشترکہ طور پر دوسرا بدترین سلسلہ ہے۔اس سے قبل پاکستان، ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی لگاتار نو میچ ہار چکا ہے لیکن پاکستان کو سب سے زیادہ لگاتار 14 شکستیں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوئیں جب حیران کن طور پر 1995 سے 2000 کے دوران اپنے سنہری دور میں پاکستان جنوبی افریقہ سے کوئی بھی ونڈے میچ نہیں جیت سکا۔

TOPPOPULARRECENT