Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست دی

پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست دی

شارجہ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے پانچ ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے دی۔ اس طرح پاکستان نے 4-0 کی برتری حاصل کرلی ہے اور سری لنکا کو وائٹ واش کرنے سے ایک فتح کی دوری پر ہے، بابر اعظم مین آف دی میچ قرار پائے۔ سری لنکن بیٹسمین پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 173 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان نے 174 رنز کا نشانہ 39 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بابر اعظم اور شعیب ملک نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک نے زوردار چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔سری لنکا کی جانب سے نروشان ڈکویلا اور اپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا۔ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے عثمان شنواری نے اپنے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر اِن فارم سری لنکن قائد اپل تھرنگا کو صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔ سری لنکا کو دوسرا نقصان پانچویں اوور میں ہوا جب ڈکویلا 22 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم کا اسکور 59 تک پہنچا تو چندیمل 16 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز سمیرا سمارا وکراما بغیر کوئی رنز بنائے عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ سری وردنا کو 91 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے صرف 13 رنز پر ہی آؤٹ کیا۔پرسنا 99 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو ئے۔ اگلی ہی گیند پر شاداب نے تھسارا پریرا کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ حسن علی نے دننجیا کو 142 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ لہیرو تھریمانے کو عماد وسیم نے 162 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ کرایا۔ لہیرو گماگے کو حسن علی نے ایک رنز پر کلین بولڈ کیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاداب خان اور عماد وسیم نے 2، 2 وکیٹں حاصل کیں جب کہ جنید خان اور عثمان شنواری کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا۔ سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میںسنچری بنانے والے امام الحق چوتھے ون ڈے میں صرف دو رنز ہی بنا سکے۔ فخر زمان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 17 کے انفرادی اسکور پر دننجیا نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کرا دیا۔ پاکستان کو تیسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں ہوا جو 58 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر پراسنا کی گیند پر گنواگے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ تین وکٹیں جلد گر جانے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بابر اعظم اور شعیب ملک نے 69، 69 رنز کی اننگز کھیلیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 119 کی شراکت قائم ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT