Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں: فاروق عبداللہ

پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں: فاروق عبداللہ

سرینگر ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس سربراہ فاروق عبداللہ نے گذشتہ ہفتہ اپنے تبصرہ ’’پاکستانی مقبوضہ کشمیر پاکستان کا ہے‘‘ کے بعد آج ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کمزور نہیں ہے اور اس نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں کہ ہندوستان کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے‘‘۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں اری علاقہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر نے کہا کہ آخر ہم کب تک یہ کہتے رہیں گے کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر ہمارے ملک کا حصہ ہے۔ پاکستانی مقبوِضہ کشمیر ان کے باپ کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ (پاکستانی مقبوضہ کشمیر) پاکستان کا ہے اور یہ (جموں و کشمیر) ہندوستان کا ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ 70 سال گذر گئے لیکن ہندوستان اب تک پاکستانی مقبوضہ کشمیر کو حاصل نہیں کرپایا۔ آج ہندوستان یہ دعویٰ کرتا ہیکہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر ہمارے ملک کا حصہ ہے۔ اگر ایسا ہے تو پھر اسے حاصل کیجئے۔ ہم بھی دیکھنا چاہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کمزور نہیں ہے اور اس نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔ ان کے پاس بھی نیوکلیئر بم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگ کے بارے میں سوچنے سے قبل یہ دیکھنا چاہئے کہ ہم بحیثیت انسان کس طرح رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT