Sunday , September 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان ٹوئنٹی20 میں دوبارہ عالمی نمبر ایک

پاکستان ٹوئنٹی20 میں دوبارہ عالمی نمبر ایک

دبئی۔8 نومبر(سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ کی ہندوستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان ٹوئنٹی20 درجہ بندی میں دوبارہ عالمی نمبر ایک بن گیا۔ہندوستان کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل نیوزی لینڈ عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر موجود تھا جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں فتح کی بدولت پاکستان عالمی نمبر دو تھا۔ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں شکست دی تو پاکستان عالمی نمبر ایک بن گیا لیکن اگلے ہی میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار انداز میں واپسی کی اور میچ کے ہمراہ سیریز برابر کرنے کے ساتھ دوبارہ عالمی نمبر ایک کا منصب حاصل کر لیا۔سیریز کا تیسرا ٹی20 میچ بارش سے متاثر ہوا تو آٹھ اوورز فی اننگز تک محدود کیے گئے میچ میں ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو میچ میں 68 رنز کا ہدف دیا جو بظاہر آسان نظر آ رہا تھا۔تاہم ہندوستانی بولروں نے اپنی نپی تلی بولنگ سے اس معمولی ہدف کا تعاقب بھی ناکام بنا دیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 61 رنز ہی بنا سکی اور میچ میں چھ رنز کی شکست کے ساتھ ہی سیریز بھی 2-1 سے گنوا بیٹھے۔سیریز میں شکست کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ عالمی نمبر ایک مقام سے محروم ہو گیا اور پاکستان نے ایک ہفتے میں دوبارہ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا اور مستقبل قریب میں کوئی ٹی20 میچ نہ ہونے کے سبب پاکستان کی ٹی20 درجہ بندی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔اس وقت عالمی درجہ بندی میں پاکستان 124 نشانات کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز یکساں 120 نشانات کے ساتھ دوسرے اور تیسرے، انگلینڈ اور ہندوستان بھی 119 نشانات کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نبمبر پر موجود ہیں۔عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT