Saturday , November 18 2017
Home / پاکستان / پاکستان ‘ چین سے آٹھ آبدوز کشتیاں خریدے گا : رپورٹ

پاکستان ‘ چین سے آٹھ آبدوز کشتیاں خریدے گا : رپورٹ

اسلام آباد 24 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان ‘ چین سے آٹھ آبدوز کشتیاں خریدے گا جس کیلئے کئی بلین ڈالرس کی معاملت طئے پاگئی ہے ۔ اس کے نتیجہ میںپاکستانی بحریہ کی صلاحیتوںمیں زبردست اضافہ ہوگا ۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ پاکستان کے وزیر فینانس اسحاق ڈار اور چین کی سرکاری شپ بلڈنگ و آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹیڈ کے سربراہ ژو زیقین کے مابین ملاقات میں یہ معاہدہ طئے پایا ہے ۔ فریقین نے اصولی طور پر آٹھ آبدوز کشتیوں کی معاملت سے اتفاق کرلیا ہے اور چین یہ کشتیاں پاکستانی بحریہ کو سربراہ کریگا ۔ ایکسپریس ٹریبیون نے یہ اطلاع دی ۔ وزارت فینانس کے ذرائع نے تاہم کہا کہ اس معاملت کو بیجنگ میں اعلی حکام کی قطعی منظوری حاصل کرنی ہوگی ۔ اس کے بعد ایک رسمی معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان ان آبدوزوں کی خریدی کیلئے قیمت جملہ چار قسطوں میں ادا کریگا اور ان آبدوز کشتیوں کی حوالگی آئندہ چند برسوں میں عمل میں آئیگی ۔ اجلاس کے بعد وزارت فینانس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی دفاعی تجارتی ادارہ کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی معاشی اور دفاعی تعاون میں اضافہ ہوگا اور اسے استحکام حاصل ہوگا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین پاکستانی بحریہ کیلئے دفاعی تعاون کے امور پر اتفاق رائے رکھتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس معاہدہ کیلئے معاشی انتظامات کو بھی قطعیت دیدی گئی ہے ۔ بیان میں چینی عہدیدار کا اس معاملت کیلئے اسحاق ڈار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس کے نتیجہ میں چین اور پاکستان کی دوستی کی گہرائی اور گیرائی کا بھی پتہ چلتا ہے ۔ چین کے صدر ژی جن پنگ کے جاریہ ساہ ماہ اپریل میں کئے گئے دورہ پاکستان کے بعد سے ہی دونوں ملکوں کے مابین آبدوزوں کی خریدی کے معاہدہ کی اطلاعات گشت کر رہی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT