Monday , November 20 2017
Home / پاکستان / پاکستان کا بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے جمعہ کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین سوم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بری فوج کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2750 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل نے بحیرہ عرب میں مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تجربے کا مقصد اس بیلسٹک میزائل کو ڈیزائن اور تکنیکی حوالوں سے ٹیسٹ کرنا تھا۔ بیان کے مطابق میزائل کے اس کامیاب تجربے کو سٹریٹیجک پلان ڈویڑن، سٹیریٹیجک فورسز کے اعلیٰ افسران، سائنس دانوں اور انجینیئروں نے دیکھا۔ اس موقع پر سٹریٹیجک پلانز ڈویڑن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے اس تجربہ کو ملک کی دفاعی قابلیت کو مضبوط کرنے میں اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ یہ اس سال شاہین سوم کا دوسرا تجربہ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں بھی پاکستان نے نیوکلیئر اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل اس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم میاں نواز شریف نے نئے میزائل کے کامیاب تجربے پر پاکستانی سائنس دانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT