Saturday , September 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کا ونڈے میں ریکارڈ 563 رنز کا اسکور

پاکستان کا ونڈے میں ریکارڈ 563 رنز کا اسکور

 

دبئی ۔15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے ریکارڈ 563 رنز کا اسکور بنانے کے بعد آسٹریلیا کو 394 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی جبکہ ہندوستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے بھی اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی۔متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے ایم سی سی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان بلائنڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورزمیں 4 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز کا اسکور بناکر ونڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ قائم کرلیا۔پاکستانی بیٹسمین عامر اشفاق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 208 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ثنا اللہ نے 143 اورہارون خان نے 105 رنز بنا کر عامر اشفاق کی بہترین اننگز کا ساتھ دیتے ہوئے تاریخی اسکور ترتیب دینے میں اپناکردار ادا کیا۔تاریخی نشانہ کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بلائنڈ ٹیم صرف 169 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیفن پالمر71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، ہارون خان اور مطیع اللہ نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔عامر اشفاق کو شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بلائنڈ ورلڈ کپ کے ایک اور میچ میں ہندوستان نے نیپال کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 37.5 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس میں نمایاں حصہ برت تھاپا کا تھا جنھوں نے 35 رنزبنائے۔ہندوستان نے آسان ہدف 15 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ ٹیم کے سنیل گھاڑیاں 54 اور مہندر نے 40 رنز بنائے۔تیسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو5 وکٹوں سے شکست دیا جس میں بنگلہ دیش کی بلائنڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کے عبدالمالک111 رنز بنائے۔سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، سلوا نے 118 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

TOPPOPULARRECENT