Monday , July 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کرکٹ، کپتان کا تعین بورڈ کی ذمہ داری : سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ، کپتان کا تعین بورڈ کی ذمہ داری : سرفراز احمد

لاہور۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کپتان مقرر کرنا بورڈ کاکام ہے اور اس وقت پاکستانی ٹیم درست سمت میں جارہی ہے ۔سرفراز احمد نے کراچی میں 9 برس بعد بین الاقوامی کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے تینوں میچ جیت کر آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں بحیثیت کپتان اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہوں جس کے لیے پرجوش ہوں۔سرفرازاحمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں محنت کرنی ہوگی اور ہماری ٹیم کی طاقت بالنگ ہے ، محمد عامر اور حسن علی ہمارے مرکزی بالرز ہوں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم اور رومان رئیس زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہیں اور اب محمد نواز کو عماد وسیم کی عدم موجودگی میں خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے ۔انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت آئی سی سی کی درجہ بندی میں بہتر ریٹنگ پوائنٹس کے باعث آسٹریلیا پر سبقت حاصل کیے ہوئے جبکہ دونوں ٹیموں کے یکساں 126 پوائنٹس ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں روایتی حریف ہندستان کی مضبوط ٹیم 124 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جس کے باعث پاکستان کو اپنی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے سیریز میں کامیابی ضروری ہے ۔سرفراز کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیزکی ٹیم آسان ٹیم نہیں ہوگی اورسیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔ویسٹ انڈین ٹیم پر بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ مہمان ٹیم متوازن ہے اور ٹیم میں شامل چند کھلاڑی صورت حال کو ڈرامائی انداز میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ویسٹ انڈیز کا 15 رکنی اسکواڈ دیکھا ہے جس میں شامل کھلاڑی میچ ونر ہونے کا ثبوت دے چکے ہیں اور وہ سیریز کی جیت کے لیے اچھی کرکٹ کھیلیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT