Friday , September 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو آج وائٹ واش کا خطرہ

پاکستان کو آج وائٹ واش کا خطرہ

ویلنگٹن۔18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ میں ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چیمپئنز ٹرافی اور مسلسل نو ونڈے میچز جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی صرف جاری سیریز میں ہی بری نہیں ہے بلکہ پاکستانی ٹیم 2011 سے نیوزی لینڈ میں کوئی ونڈے نہیں جیت پائی۔ نیوزی لینڈ پانچ میچوں کی اس سیریز میں سے چار میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔ آخری ونڈے کل یہاں کھیلا جائیگا اور اب اسے پانچویں میچ میں وائٹ واش سے بچنے کا مشکل ترین چیلنج درپیش ہے۔ مسلسل چار ناکامیوں کے بعد سرفراز کی زیر قیادت ٹیم کافی دبائو میں ہوگی لیکن ساکھ کی بحالی کیلئے پوری قوت سے واپسی کرنی ہوگی۔ چوتھے میچ میں سر پر گیند لگنے کے بعد شعیب ملک کی آخری ونڈے میں شرکت غیر یقینی ہے۔ تاہم تفصیلات کے مطابق انہوں نے پرستاروں کو مطلع کیا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔ نیوزی لینڈ کی وکٹیں مہمان ٹیموں کیلئے ہمیشہ ہی مشکل ثابت ہوتی ہیں۔ خاص طور پر بیٹسمینوں کیلئے سرد موسم اور تیز ہوا میں فاسٹ بولنگ کا سامنا کبھی آسان نہیں رہا۔ تاہم بولنگ نے ماضی میں ٹیم کو کئی میچز جتوائے ہیں موجودہ دورے میں بولرز بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حسن علی اور محمد عامر سے خاصی توقعات وابستہ تھیں لیکن دونوں ہی نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے میں ناکام ثابت ہورہے ہیں۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر آخری مرتبہ ہملٹن میں 2011 میں ونڈے جیتا تھا۔ پاکستان کیلئے بیٹنگ کافی عرصے سے درد سر بنی ہوئی ہے۔ اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک اور بابر اعظم خاطر خواہ کارکردگی پیش نہیں کرپائے تاہم ہملٹن ونڈے میں کپتان سرفراز احمد اور حفیظ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اورنصف سنچریاں اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ خاص طور پر سرفراز کی فارم میں واپسی ٹیم اورکھلاڑیوں کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ حارث سہیل نے پہلا میچ کھیلا اور نصف سنچری بناکر اپنا انتخاب درست ثابت کیا جبکہ اوپنر فخر زمان نے تین میچز میں دوسری مرتبہ 50 کا ہندسہ عبور کیا۔

TOPPOPULARRECENT