Thursday , September 20 2018
Home / دنیا / پاکستان کو امریکہ کی فوجی امداد معطل

پاکستان کو امریکہ کی فوجی امداد معطل

وائیٹ ہاؤز کی توثیق، قطعی فیصلہ دہشت گردی کیخلاف کارروائی پر منحصر
واشنگٹن 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پاکستان کو دی جانے والی 255 ملین ڈالر کی فوجی امداد کو فی الحال معطل کردیا ہے۔ وائٹ ہاؤز نے اس اطلاع کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی جانب سے اپنی سرزمین پر دہشت گرد سرگرمیوں کے بارے میں دیئے جانے والے جواب پر امداد کا انجام منحصر ہوگا۔ یہ توثیق اُس روز ہی کردی گئی جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ گزشتہ 15 سال کے دوران دی جانے والی 33 ارب ڈالر کی امداد کے بدلے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے اور امریکہ کو جھوٹ اور دھوکہ کے سواء کچھ نہیں دیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہاکہ ’’امریکہ نے فی الحال پاکستان کے لئے بیرونی فوجی مالی امداد کے تحت سال 2016 ء میں 255 ملین ڈالر خرچ نہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے‘‘۔ اس عہدیدار نے مزید کہاکہ ’’صدر (ٹرمپ) نے واضح کردیا ہے کہ امریکہ توقع کرتا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گا۔ نیز جنوبی ایشیائی حکمت عملی کی حمایت میں پاکستان کے اقدامات ہی بشمول مستقبل کی امداد اس کے ساتھ ہمارے تعلقات کے متعلق قطعی فیصلہ کا تعین کریں گے‘‘۔ اس عہدیدار نے کہاکہ پاکستانی تعاون کی سطح پر امریکہ مسلسل نظر رکھا ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT