Saturday , December 16 2017
Home / دنیا / پاکستان کو امریکی امداد میں کٹوتی کی ترامیم کو شکست

پاکستان کو امریکی امداد میں کٹوتی کی ترامیم کو شکست

امریکی ایوان نمائندگان میں اکثر ارکان کی مخالفت ۔ تعلقات کی برقراری پر زور
واشنگٹن 18 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ایوان نمائندگان میں دو قانونی ترامیم کو شکست ہوگئی جن میں کہا گیا تھا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کی جانی چاہئے ۔ ایوان نمائندگان میں بیشتر نمائندگان نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ حالانکہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں زیادہ کوئی رول ادا نہیں کر رہا ہے اس کے باوجود ایک نیوکلئیر صلاحیت والے ملک سے تعلقات کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔ پہلی ترمیم کانگریس کے رکن ٹیڈ پوئے نے پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دی جانے والی امداد کی رقم کو 900 ملین ڈالرس سے گھٹا کر 700 ملین ڈالرس کردیا جائے ۔ ایوان میں اس ترمیم کی تائید میں 191 اور اس کی مخالفت میں 230 ووٹ ڈالے گئے ۔ دوسری ترمیم کانگریس کے رکن ڈانا رہراباچر نے پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی مدد کیلئے فنڈز کے استعمال پر پابندی عائد کی جانی چاہئے ۔ اس تجویز کی تائید میں 84 اور مخالفت میں 236 ووٹ ڈالے گئے ۔ ٹیڈ پوئے نے اپنی ترمیم میں کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا موقف غلط ہے ۔ اگر ان کا بس چلتا تو وہ پاکستان کو دی جانے والی ساری رقم ہی روک دیتے ۔

انہوں نے کہا کہ رقم کم کرنے کی وجہ ہے ۔ پاکستانیوں نے اسامہ بن لادن کو رکھا تھا ۔ ہم کو پاکستان میں اندر گھس کر بن لادن کو باہر لانا پڑا ۔ انہوں نے اسے چھپایا تھا اور یہ بات ساری دنیا جانتی ہے ۔ پوئے نے کہا کہ پاکستان میں آئی ایس آئی کی جانب سے امریکی عہدیداروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر کسی کے ساتھ کھیل رہا ہے ۔ وہ ہم سے رقم لیتا ہے اور یہ آئی ایس آئی کو جاتی ہے اور یہ رقم طالبان اور افغانستان کے ہاتھوں میں چلی جاتی ہے جو امریکیوں کو ہلاک کر رہے ہیں۔ ان کی تجویز کی بیشتر ارکان نے تائید نہیں کی اور کہا کہ اس بات کو فراموش نہیں کیا جانا چاہئے کہ پاکستان نیوکلئیر صلاحیت والا ملک ہے اور اس سے تعلقات رکھنے کی ضرورت ہے ۔ کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی نے کہا کہ ہمارے لئے اہمیت کی بات ہے کہ ہم اپنے وسائل سے سکیوریٹی کی برقراری کیلئے کام کریں اور حالات پر نظر رکھی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT