Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو شکست ،نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

پاکستان کو شکست ،نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

ویلنگٹن۔22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں 95 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور کوری اینڈرسن اور مارٹن گپٹل کی جارحانہ بلے بازی کے بدولت نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا کر پاکستان کو ایک مشکل نشانہ دیا۔مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے ابتدائی 5 اوورز میں ٹیم کے 50 رنز مکمل کئے تاہم مارٹن گپٹل 19 گیندوں پر جارحانہ 42 رنز بنا کر کپتان شاہد آفریدی کا نشانہ بنے جبکہ محمد رضوان نے کولن منرو کو 62 کے اسکور پر رن آؤٹ کر دیا۔جب کین ولیمسن 33 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے تو نیوزی لینڈ کا اسکور 94 رنز تھا اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم میزبان کو 160 رنز تک محدود کر دے گی لیکن اینڈرسن نے پاکستان کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ کوری اینڈرسن نے 42 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔197 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی اور نیوزی لینڈ کے خلاف کسی کلب ٹیم کے معیار کا کھیل پیش کیا۔ محمد حفیظ آؤٹ ہونے والے پہلے باز تھے جو 2 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا شکاربنے، احمد شہزاد تیز شارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوئے انھوں نے 8 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔شعیب ملک 14 رنز بنا کر کوری اینڈرسن کی گیند پر بلند شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ عمر اکمل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔آفریدی نے 8 رنز بنائے اور گرانٹ ایلیٹ کو وکٹ دے کر چلتے بنے، ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز عماد وسیم تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے انھیں بھی ایلیٹ نے شکار بنایا۔سرفراز احمد نے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن 41 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اس وقت پاکستان کا اسکور 92 رنز تھا، انور علی 8 رنز بنا سکے۔پاکستان کی پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 9 بلے باز ڈبل فیگر بھی عبور نہیں کرسکے۔وہاب ریاض آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنھوں نے 4 رنز بنائے۔ محمد عامر ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن کو 82 رنز اور 2 اہم وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل  باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پشاور حملے کے متاثرین کی حمایت میں پورے گراؤنڈ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جبکہ کھلاڑیوں نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا۔

TOPPOPULARRECENT