Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / پاکستان کو موثر جواب دیا جائے گا :فوجی سربراہ

پاکستان کو موثر جواب دیا جائے گا :فوجی سربراہ

دہشت گردی کے خلاف سخت موقف ، سوشیل میڈیا پر سپاہیوں کی شکایت جرم ، سزاء کا انتباہ

نئی دہلی ۔ /15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے پاکستان کو خبردار کیا کہ لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا پور ی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا ۔ جنرل راوت جنہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک پاکستان اور چین کے ساتھ سرحد پر امن کا خواہاں ہے آج واضح کیا کہ ہماری ان کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ کیونکہ ہم ہمیشہ چوکس ہیں اور ہماری پالیسی یہ ہے کہ کسی بھی جگہ اور کسی بھی مقام پر کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم سے مسابقت کرنے والے ہندوستانی مسلح فورس کی طاقت سے بخوبی واقف ہیں ۔ پاکستان کی ہندوستان کے خلاف مسلسل بالواسطہ جنگ کی تائید کے باوجود ہم لائین آف کنٹرول پر امن چاہتے ہیں ۔ جنرل بپن راوت آرمی ڈے کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ پر فوج کے عہدیداروں اور جوانوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جنگ بندی کی خلاف ورزی یا کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعات کی تشہیر کا ہندوستانی فوج پوری طاقت سے جواب دے گی ۔ انہوں نے پاکستان کو یہ انتباہ اس وقت دیا جبکہ دو دن قبل ہی انہوں نے واضح کیا تھا کہ مزید سرجیکل حملے مسترد نہیں کئے جاسکتے ۔ انہوں نے ہندوستانی سپاہیوں کو بھی خبردار کیا جو اپنی شکایات کیلئے سوشیل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں کہ ان کی یہ حرکت جرم متصور ہوگی اور انہیں سزاء بھی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکتوں سے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کررہی ہے فوج کے حوصلے پست ہوں گے ۔ جنرل بپن راوت نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہمارے چند ساتھیوں نے اپنی شکایات سے میڈیا کو واقف کرانے کیلئے سوشیل میڈیا کا سہارا لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی شاندار روایات رہی ہیں اور ایسا کرنے سے سرحدوں کی حفاظت کررہے سپاہیوں کے حوصلے پست ہوں گے ۔ اگر کسی ساتھی کو شکایت ہو تو وہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق حکام سے رجوع ہوسکتا ہے ۔ پھر بھی وہ مطمئین نہ ہوں تو وہ راست ان (راوت)  سے ربط قائم کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر فوج نے متاثر کن پریڈ کی اور کئی حیرت انگیز مظاہرے بھی پیش کئے ۔

TOPPOPULARRECENT