Monday , July 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف وائیٹ واش

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف وائیٹ واش

ویلنگٹن۔19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے سبب پاکستانی ٹیم کو ایک مرتبہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پانچویں ونڈے میچ میں 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ کر لیا ہے۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ونڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز نے درست ثابت کر دکھایا۔اوپنرز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اپنی ٹیم کو چھ اوورز میں 52 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا ۔گپٹل کی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے مزید 49 رنز جوڑ کر ٹیم کی سنچری مکمل کروائی ۔، گپٹل ایک چھکے اور 10 چوکوں سے مزین 100 رنز کی اننگز کھیلنے کے عبد رومان رئیس کی دوسری وکٹ بنے۔نیوزی لینڈ کو 300 رنز سے زائد کا اسکور بنانے موقع تھا لیکن اختتامی اوورز میں پاکستانی بولروں کی بہتربولنگ کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنا سکی، ٹیلر نے 59 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے رومان رئیس تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب رہے جبکہ فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے نشانہ کا تعاقب شروع کیا تو ایک مرتبہ پھر بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور سیریز میں پہلا میچ کھیلنے والے عمر امین صرف دو رنز بنانے کے بعد میٹ ہنری کو وکٹ دے بیٹھے۔کپتان سرفراز احمد بھی اس مرتبہ ٹیم کے کسی کام نہ آ سکے اور صرف تین رنز بنا کر ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین جا پہنچے۔57 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان نے حارث سہیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز کی شراکت قائم کی اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب مچل سینٹنر کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں حارث سہیل کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 63 رنز بنائے۔سینٹنر نے اگلے ہی اوور میں شاداب خان کی بھی مزاحمت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو ساتواں نقصان پہنچایا۔فہیم اشرف نے چند بڑے شاٹس لگا کر امید باندھی لیکن سینٹنر نے ان کی 23 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کے امکانات کو بھی ختم کردیا ۔پوری ٹیم 256 رنز پر پویلین لوٹ کر میچ میں 15 رنز سے ناکامی سے دوچار ہوئی۔اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان کو سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مارٹن گپٹل کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT