Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو ویسٹ انڈیز میں تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع

پاکستان کو ویسٹ انڈیز میں تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع

میزبان ٹیم کیخلاف دوسرا ٹسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل، مہمان بیٹسمنوں کو نشانے کے تعاقب میں بہتر بیاٹنگ کرنے کی ضرورت
بارباڈوس ۔4 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے یاسر شاہ کی عمدہ بولنگ کی بدولت دوسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 9 بیٹسمینوں  کو 219 رنز پر آؤٹ کر کے میچ کو اپنے حق میں کرنے کی ایک اہم کوشش کرلی ہے  جبکہ ویسٹ انڈیز کو مجموعی طور پر 183 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور موجودہ حالات میں مہمان ٹیم کو ویسٹ انڈیز میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے لیکن یہ بیٹسمنوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ پر منحصر ہے۔ بارباڈوس میں کھیلے جا رہے  سیریز کے دوسرے میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے 40 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے پہلی اننگز میں 42 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔دن کے آغاز میں ہی محمد عامر نے شیمرون ہٹمیئر کی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد کریگ بریتھ ویٹ اور شے ہوپ نے 56 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو خسارے سے نکال کر برتری کی جانب گامزن کیا۔اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستان کیلئے مزید خطرناک ثابت ہوتی یاسر شاہ نے 43 رنز بنانے والے بریتھ ویٹ کو پویلین واپس روانہ کردیا ۔ہوپ  نے پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روسٹن چیس کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 58 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کا موقف  مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ شکست کے خطرات کو بھی کم کردیا۔چیس ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش میں نظر آرہے تھے لیکن یاسر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ان کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

وشال سنگھ نے بھی ساتھی کھلاڑیوں کی پیروی کی اور ہوپ کا ڈٹ کر ساتھ دیا، دونوں کھلاڑیوں نے 80 رنز کی شراکت کی اور اسکور کو 235 رنز تک پہنچایا۔یاسر شاہ نے ایک اہم وقت میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لئے خطرہ بننے والے ہوپ کو آؤٹ کر کے اہم کامیابی دلادی جنھوں نے 90 رنز بنائے ، اسکور میں بغیر کسی اضافے کے محمد عباس نے 32 رنز پر کھیلنے والے وشال سنگھ کو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ گرادی۔ یاسر شاہ نے کپتان جیسن ہولڈر کو 236 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد ڈاوریچ اور بشو نے اسکور کو 252 پہنچایا تھا تو یاسر نے ڈاوریچ کو آؤٹ کرکے اننگز میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں جبکہ سات رنز کے اضافے کے بعد الزاری جوزف کو آؤٹ کرکے انفرادی طور پر چھٹی وکٹ اپنے نام کی اور پاکستان کے لئے میچ کو آسان بنا دیا۔ ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے ۔ بشو 16 اور گیبرئیل صفر پر کھیل رہے تھے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے دو اور محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ پہلا ٹسٹ جیت کر پاکستان نے سیریز میں برتری حاصل کی ہے اور اب رواں ٹسٹ کے 5 ویں دن پاکستانی بیٹسمنس مطلوبہ نشانہ حاصل  کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT