Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو ہمالیائی ٹارگٹ کے تعاقب میں 39 رنز سے شکست

پاکستان کو ہمالیائی ٹارگٹ کے تعاقب میں 39 رنز سے شکست

اسد شفیق 137 پر آؤٹ ہونے کے بعد مہمانوں کی اننگز 450 پر ختم ۔ آسٹریلیائی سرزمین پر پاکستان کی لگاتار 10 ویں ناکامی
برسبین، 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔ برسبین کے گابا کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے 382/8 سے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی تو اسے میچ میں فتح کیلئے مزید 108 رنز درکار تھے۔ اسد شفیق نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور ٹیم کے 400 رنز مکمل کرائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس سے آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کے ماتھے پر شکنیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھیں۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب مچل اسٹارک کی ایک خطرناک گیند کو اسد شفیق سمجھنے میں ناکام رہے اور 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 207 گیندوں کا سامنا کیا، 13 چوکا اور ایک چھکا لگائے۔ اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی فتح کی راہ ہموار ہو گئی اور ایک رن کے اضافے سے یاسر شاہ بھی 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی پاکستان کی دوسری اننگز 450 پر اختتام پذیر ہوئی۔ آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے میں فتح اپنے نام کر لی۔ یہ آسٹریلین سرزمین پر پاکستان کی لگاتار 10ویں شکست ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک نے 119 رنز دے کر پاکستان کے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ جیکسن برڈ نے 110 رنز کے بدلے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ناتھن لیون کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ اسد شفیق کو ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان نے اپنی چھ سے زائد دہائیوں پر محیط ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آسٹریلیا کے متعدد دورے کئے لیکن کامیابی کا تناسب غیر تسلی بخش رہا۔ یہ بڑے تعجب کی بات ہے کہ ابتدائی عشروں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی آسٹریلیا کے متعدد دوروں میں بہتر رہی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں نمایاں تنزلی ہوئی ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری مرتبہ سڈنی کے مقام پر 1995ء میں ٹسٹ میچ میں فتح حاصل کی تھی اور اب پاکستان کو آسٹریلیا میں کوئی ٹسٹ میچ جیتے 20 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دورۂ نیوزی لینڈ میں بھی پاکستان کو 2-0 کی کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

TOPPOPULARRECENT