Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کیساتھ کرکٹ کیلئے راجیہ سبھا میں مطالبہ

پاکستان کیساتھ کرکٹ کیلئے راجیہ سبھا میں مطالبہ

ہند، پاک کے مابین سب کچھ ہورہا ہے، کرکٹ کیوں نہیں ہوسکتی؟
نئی دہلی ، 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ روابط کے احیاء کیلئے مطالبہ کی گونج آج راجیہ سبھا میں سنی گئی جہاں ایک کانگریس رکن نے سوال اٹھایا کہ کیوں حکومت اس کیلئے منظوری نہیں دے رہی ہے۔ راجیو شکلا جو آئی پی ایل کمشنر بھی ہیں، انھوں نے یہ مسئلہ اٹھایا، جس کا پس منظر ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی مشیران کی گزشتہ روز بنکاک میں منعقدہ میٹنگ ہے، جبکہ ایک ہفتہ قبل دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے پیرس میں ملاقات کی تھی۔ شکلا نے کہا: ’’جب وزرائے اعظم ملاقات کررہے ہیں، وزرائے خارجہ کی میٹنگ ہورہی ہے، معتمدین خارجہ اور این ایس ایز کے اجلاس بھی ہورہے ہیں، صرف کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ہر کوئی اس بارے میں مسئلہ پیدا کررہا ہے۔ جب آموں اور ساڑیوں کا تبادلہ ہورہا ہے اور ان کی تجارت ہورہی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان ہر کوئی ملاقات کررہا ہے، صرف کرکٹرز کو ملنے اور کھیلنے نہیں دیا جارہا ہے۔ جب سب کچھ ہورہا ہے، کیوں کرکٹ ٹیموں کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ حکومت کو وضاحت کرنا چاہئے اور کوئی بیان دینا چاہئے۔‘‘ اس کی تائید میں ڈپٹی چیرمین پی جے کورین نے کہا، ’’میرے خیال میں یہ ایسی تجویز ہے جس پر حکومت کو مثبت ردعمل ظاہر کرنا چاہئے۔ حکومت کو اس معاملے کا جائزہ کیونکر نہیں لینا چاہئے؟‘‘ مملکتی وزیر پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہا، ’’حکومت قومی مفاد میں کام کرے گی۔ وہ قومی مفاد کے تعلق سے مساوی طور پر فکرمند ہے جیسے راجیو شکلا ہیں‘‘۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) پہلے ہی وزارت امور خارجہ کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے سری لنکا میں کرکٹ سیریز کے انعقاد کیلئے اجازت طلب کرچکی ہے۔ تاہم حکومت نے اس مسئلے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT