Thursday , September 20 2018
Home / ہندوستان / پاکستان کی کوئی تازہ سیز فائر خلاف ورزی نہیں

پاکستان کی کوئی تازہ سیز فائر خلاف ورزی نہیں

پاکستان کی کوئی تازہ سیز فائر خلاف ورزی نہیں نقل مقام پر مجبور تقریباً 8 ہزار افرادکا بدستور کیمپوں میں قیام

پاکستان کی کوئی تازہ سیز فائر خلاف ورزی نہیں
نقل مقام پر مجبور تقریباً 8 ہزار افرادکا بدستور کیمپوں میں قیام
جموں ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لگ بھگ 8 ہزار افراد جو پاکستان کی جانب سے فائرنگ اور شلباری کے سبب نقل مقام پر مجبور ہوئے، ہنوز جموں و کشمیر کے اضلاع کٹھوا اور سامبا میں قائم کیمپوں میں مقیم ہیں۔ ویسے آج سرحد پار سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے کسی تازہ واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ عہدیداروں نے آج کہا کہ تقریباً 11 ہزار افراد ابھی تک سرحدی دیہاتوں سے منتقل ہوئے ہیں اور ان میں سے 8 ہزار نے اضلاع کٹھوا اور سامبا کے محفوظ تر علاقوں میں حکومت کے قائم کردہ کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ کٹھوا اور سامبا میں بین الاقوامی سرحد کے پاس اضطراب آمیز سکون ہے جبکہ بندوقیں خاموش ہوچلی ہیں۔ پاکستان نے کل کئی سرحدی چوکیوں اور زائد از 60 دیہاتوں کو مورٹار شیلس اور بندوق کی گولیوں کا نشانہ بنایا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کٹھوا شاہد اقبال چودھری نے آج کہا کہ سرحد پار سے کل رات سے کوئی فائرنگ اور شلباری نہیں ہوئی اور سرحد پر خاموشی ہے۔ اسی طرح سامبا میں بھی کل سے فائرنگ اور شلباری کی اطلاع نہیں ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سامبا انیل ماگوترا نے کہا کہ سرحدی پٹی خاموش ہے ۔ سرحد پار سے کوئی فائرنگ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بم ناکارہ بنانے والے اسکواڈس کو احتیاطی طور پر متعین کردیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT