Sunday , April 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کے ساتھ سیریز کیوں نہیں:ششی تھرور

پاکستان کے ساتھ سیریز کیوں نہیں:ششی تھرور

نئی دہلی ۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے انکار کے باوجود پاکستان سے باہمی کرکٹ سیریز کیلئے صدائیں بلند ہونے لگیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی بشمول سیاستدان بھی پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کی بحالی کے خواہاں ہیں۔ دھونی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہوگا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل ہے کیونکہ جب دو بڑی ٹیمیں میدان میں آتی ہیں تو عوام کے جوش و خروش کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بھی بڑھ جاتی ہیں اور ہند۔پاک مقابلوں کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ ان سے معیشت بھی بہتر ہو تی ہے۔ اس کے باوجود باہمی سیریز اسی وقت ممکن ہو سکے گی جب مرکزی حکومت پاکستان کے ساتھ سیریز کی اجازت دے گی کیونکہ کھلاڑی تو کھیلنے کیلئے تیارہی ہوتے ہیں۔کانگریس رہنما ششی تھرور نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ سیریز کا سلسلہ بحال ہونا چاہئے کیونکہ جب وزیر اعظم نریندر مودی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان جاسکتے ہیں تو پھر دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کیوں نہیں ہو سکتی؟۔ ششی تھرور کے مطابق صرف مودی ہی نہیں بلکہ موجودہ حکومت کے متعدداعلیٰ عہدیدار مختلف مواقع پر پاکستانی سیاست دانوں سے ملتے رہے ہیں۔اگر یہ سب کچھ ہوسکتا ہے تو پھر کھلاڑی آپس میں کرکٹ کیوں نہیں کھیل سکتے ؟کھیلوں کو یرغمال نہیں بنانا چاہئے۔ انہوںنے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین کھیلوں کے ایونٹس بھی ہونے چاہئیں۔

TOPPOPULARRECENT