Friday , December 15 2017
Home / سیاسیات / پاکستان کے ساتھ مصالحت کیلئے واجپائی کی تقلید کی جائے

پاکستان کے ساتھ مصالحت کیلئے واجپائی کی تقلید کی جائے

وزیر اعظم نریندر مودی کو چیف منسٹرجموں و کشمیر مفتی محمد سعید کا مشورہ
جموں ۔/13نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام )جموں و کشمیر کے چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے آج کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مصالحت ریاست میں برسراقتدار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ۔ بی جے پی کے ایجنڈہ میں شامل ہے تاہم یہ ارتقائی مرحلہ میں ہے جس کے فی الفور نتائج برآمد نہیں ہوسکتے۔ مفتی سعید نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سرگرم تعاون سے پڑوسی ملک کے ساتھ مصالحت کے ایجنڈہ پر وہ عمل پیرا ہیں۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ انہوں نے سرینگر میں نریندر مودی کی حالیہ ریالی کو تاریخی کیوں قرار دیا جبکہ وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ مصالحت کے بارے میں لب کشائی بھی نہیں کی تھی۔ مفتی سعید نے کہا کہ  مودی پر پاکستان کے بارے میں بات کرنے کیلئے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال نریندر مودی ریاست کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے آج اپنی قیامگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں ( میڈیا ) کو فی الفور کوئی نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہیئے۔ ہر ایک تبدیلی ارتقائی مرحلہ سے گذرتی ہے اور پاکستان کے ساتھ مصالحت کا عمل حکمران اتحاد کے ایجنڈہ میں شامل ہے اور اس خصوص میں کوششیں جاری ہیں اور میں پُرامید ہوں اور ہم کیوں اصرار کریں کہ وزیر اعظم مصالحتی کوششوں پر کوئی بیان دیں جبکہ وہ کسی دباؤ میں نہیں ہیں۔ چیف منسٹر نے سرینگر میں حالیہ نریندر مودی کی ریالی پر مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے شخصی ملاقات کرکے اس بات پر قائل کروایا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا آغاز باہمی مفاد میں ہوگا جس طرح اٹل بہاری واجپائی کے دور حکومت میں پہل کی گئی تھی چونکہ وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں اور مصالحت کے سوا کوئی چارہ کار نہیں ہے۔ مفتی سعید نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مصالحت کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے لیکن پڑوسی ملک کی ہر ایک شرط کو قبول کرنا ضروری نہیں ہے۔ اگر ہم پاکستان کے ساتھ دوستی کیلئے پیشقدمی کریں گے تو سرحدوں پر امن وسکون قائم ہوگا جیسا کہ اٹل بہاری واجپائی دور حکومت میں قیام امن کی کامیاب مساعی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوص میں اپنی کوششوں سے باز نہیں آؤں گا اور مصالحتی کوششیں بارآور ثابت ہونے تک وزیر اعظم کو قائل کرواتے رہوں گا جوکہ میرا دیرینہ خواب ہے۔

TOPPOPULARRECENT