Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / پاکستان کے ساتھ نریندرمودی حکومت کا رویہ ٹھیک نہیں

پاکستان کے ساتھ نریندرمودی حکومت کا رویہ ٹھیک نہیں

کانگریس ہمیشہ پاکستان سے تعلقات بہتر بنانے کی حامی، پٹھان کوٹ واقعہ پر ڈگ وجئے سنگھ کا ردعمل
حیدرآباد۔/13جنوری، ( پی ٹی آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ پٹھان کوٹ فضائی پٹی کو این ایس جی کمانڈوز روانہ کرنا سب سے بڑی سنگین غلطی تھی۔ انہوں نے این ایس اے اجیت دوئل کے رول پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انہوں نے این ایس جی روانہ کرنے کا غلط فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ لاہور کی مذمت کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم کیلئے یہ مناسب نہیں تھا۔ قومی سلامتی گارڈس کی تعیناتی اور جوابی کارروائی کیلئے کئے گئے اقدامات میں سنگین کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں۔ اس خصوص میں قومی سلامتی اُمور کے عہدیدار اجیت دوئل کے رول پر بھی سوالیہ نشان عائد ہوتا ہے۔ جب وہاں پر فوج کی یونٹ موجود تھی تو فوج ہی دہشت گردوں سے آسانی سے نمٹ سکتی تھی لیکن اس کے بجائے این ایس جی کو روانہ کیا گیا جو ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ نہیں ہے۔ حکومت نے اپنی ذمہ داری انتہائی لاپرواہی سے انجام دی ہے۔ یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اجیت دوئل کو اس واقعہ میں کلین چٹ دے دیا ہے جبکہ فوج کے عہدیدار خود یہ سوال کررہے ہیں کہ آخر این ایس جی روانہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا جبکہ ایسی کارروائیاں صرف ہندوستانی فوج ہی موثر طور پر کرسکتی ہے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پٹھان کوٹ مسئلہ میں قومی سلامتی عہدیدار نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ہے۔ کانگریس ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے حق میں رہی ہے لیکن مرکز نے پاکستان سے رجوع ہونے کیلئے جو رویہ اختیار کیا ہے وہ مناسب نہیں ہے۔ نریندر مودی جو ہمیشہ پاکستان کے خلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کرتے ہیں نہایت ہی غیر رسمی طریقہ سے پاکستان پہنچ گئے۔ ایسا دورہ وزیر اعظم کیلئے مناسب نہیں ہے جس کے دو دن بعد ہی پٹھان کوٹ میں ایر فورس اسٹیشن پر حملہ ہوا۔ پٹھان کوٹ حملہ میں گرداسپور کے سابق ایس پی سرویندر سنگھ کے رویہ پر بھی شبہ ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے قومی تحقیقاتی ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سارے مسئلہ کی گہرائی سے تحقیقات کرے۔ یہ نہایت ہی اہم بات ہے کہ اس واقعہ میں سابق ایس پی سرویندر سنگھ نصف شب کو سیکوریٹی کے بغیر وہاں پر ایک جوہری اور اپنے باورچی کے ساتھ کیا کررہے تھے۔ انٹلیجنس کی جانب سے وارننگ دی گئی تھی کہ سرحد پر دہشت گرد حملہ ہونے والا ہے اس کے باوجود بھی پنجاب پولیس نے کوئی چوکسی اختیار نہیںکی۔ ڈگ وجئے سنگھ جو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کیلئے مہم چلانے حیدرآباد پہنچے ہیں، الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ٹی آر ایس لیڈر نے علحدہ ریاست تلنگانہ احتجاج کے دوران سیما آندھرا کے عوام کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی اور اب وہ ان کی دلجوئی میں مصروف ہیں۔ نریندر مودی اور کے سی آر نے اپنے وعدوں سے انحراف کیا ہے ۔ تلنگانہ کے قیام میں صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کا اہم رول رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT