Friday , November 24 2017
Home / عرب دنیا / پاکستان ہندوستان سے مذاکرات کیلئے بے چین نہیں

پاکستان ہندوستان سے مذاکرات کیلئے بے چین نہیں

ہندوستان نے پاکستان کو کبھی مواقع فراہم نہیں کئے ، پاریکر کے بیان پر سرتاج عزیز کا ردعمل
اسلام آباد ۔ 6 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مشیر برائے خارجی اُمور سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ امن مذاکرات کیلئے بے چین نہیں ہے کیونکہ ہندوستان نے کبھی بھی مذاکرات یا خیرسگالی کا پاکستان کے ساتھ کوئی موقع فراہم نہیں کیا۔ اُن کا تبصرہ وزیر دفاع ہندوستان منوہر پاریکر کے اس بیان کے ردعمل کے طورپر منظرعام پر آیا ہے کہ پاکستان بتدریج مذاکرات کی کھڑکی بند کررہا ہے ۔ سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان بے چین نہیں ہے اور پاکستان میں بات چیت کے لئے کسی قسم کی آرزو پائی نہیں جاتی ۔ پوری دنیا اس بات سے اتفاق کرتی ہے کہ جامع ہند۔ پاک مذاکرات ہونے چاہئیں ۔ وہ اس علاقہ میں امن دیکھنا چاہتی ہے ۔ اس کیلئے سب سے پہلے باہمی تعاون ضروری ہوگا ۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی تائید کرتا ہے اور ان کا مسئلہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ، انسانی حقوق کونسل اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے ساتھ اُٹھائے گا ۔ اُن سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا پاکستان ہندوستان کی ان کوششوں سے ناواقف ہے کہ وہ کشمیر کو ہندوستان میں شامل کرنا اور اس کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔ جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہندوستان اس کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا ۔ انھوں نے جیو ٹی وی پر کل انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتہائی حیرت انگیز ہے کہ 9 ڈسمبر کو مذاکرات کا احیاء ہونے والا تھا لیکن صرف پٹھان کوٹ پر حملہ کے نتیجہ میں پوری کارروائی ہوا میں غائب ہوگئی ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان دہشت گردی کا پرانا الزام دہرانا چاہتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT