Sunday , November 19 2017
Home / Top Stories / پاکستان ‘ ہندوستان کو مذاکرات کیلئے مدعو کریگا

پاکستان ‘ ہندوستان کو مذاکرات کیلئے مدعو کریگا

مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کی خواہش۔ سرتاج عزیز کا بیان
اسلام آباد 12 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان ‘ مسئلہ کشمیر پر ہندوستان کو بات چیت کیلئے مدعو کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ خارجی امور پر وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے آج یہ بات کہی ۔ واضح رہے کہ ہندوستان کہہ چکا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ صرف مقبوضہ کشمیر پر بات چیت کریگا ۔ سرتاج عزیز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معتمد خارجہ ‘ اپنے ہندوستانی ہم منصب کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کرینگے ۔ انہوں نے یکم تا 3 اگسٹ منعقد ہوئی پاکستانی قاصدوں کی کانفرنس کی تفصیل سے میڈیا کو واقف کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر کافی غور و خوض کیا گیا ۔ کانفرنس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کو کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی سفارتی ‘ سیاسی اور اخلاقی تائید کا سلسلہ جاری رکھناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کئی سفارتی اقدامات پر غور کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ ہندوستان کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے مدعو کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں یہ جائزہ لیا گیا کہ ہندوستان کی پالیسی کشمیر پر جامع مذاکرات کا سلسلہ جاری نہ رکھنے کی ہے اور یہ پالیسی جنوبی ایشیا میں امن کیلئے سازگار نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی ہندوستان نے کہاتھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ صرف مقبوضہ کشمیر پر بات کرنے تیار ہے ۔

TOPPOPULARRECENT