Monday , September 24 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان 74 رنز پر ڈھیر

پاکستان 74 رنز پر ڈھیر

 

ڈونیڈن۔13جنوری(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 74 رنز پر ٹھکانے لگا کر 183 سے کامیابی حاصل کر کے پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ڈیونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ونڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 15 کے اسکور پر کولن منرو فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے۔تاہم اس کے بعد مارٹن گپٹل اور ولیمسن نے دوسری وکٹ کیلئے 69 رنز جوڑ کر پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی لیکن ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں گپٹل کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔کین ولیمسن نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تجربہ کار روس ٹیلر کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کیلئے 74 رنز جوڑ کر اسکورکو 158 تک پہنچا دیا، وہ 73 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد کمان ٹیلر نے سنبھالی اور ٹام لیتھم کے ساتھ مل کر اسکور کو 209 تک پہنچا دیا لیکن شاداب خان نے 52 رنز بنانے والے ٹیلر کے ساتھ ساتھ ہنری نکولس کو بھی یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر آؤٹ کر کے ٹیم کو دو اہم کامیابیاں دلائیں۔اس موقع پر پاکستان نے بولروں کی مدد سے میچ میں واپسی کی اور ایک بڑے اسکور کی جانب گامزن نیوزی لینڈ کی وکٹیں حاصل کر کے پوری ٹیم کو 257 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور رومان رئیس نے فی کس تین جبکہ شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔258 رنز کے نسبتاً آسان نظر آنے والے نشانہ کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز کسی تباہی سے کم نہ تھا اور 15 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ٹرینٹ بولٹ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اوپنرز اظہر علی، فخر زمان اور محمد حفیظ کو ٹھکانے لگایا جبکہ بابر اعظم رن آؤٹ ہوئے۔تجربہ کار شعیب ملک ایک مرتبہ توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور تین رنز بنانے کے بعد لوکی فرگیوسن کو وکٹ دے بیٹھے۔گزشتہ میچ میں نصف سنچریاں بنا کر پاکستان کو خفت سے بچانے والے حسن علی اور شاداب خان بھی اس مرتبہ بے بس نظر آئے اور دونوں بالترتیب صفر اور ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے پہلے باز بنے۔32 رنز پر آٹھ وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید پاکستان ونڈے میں اپنے سب سے کم اسکور43 رنز بھی اسکور نہ کر سکے لیکن کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر اور رومان رئیس کے ساتھ مل کر ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔پاکستان کی ٹیم 28ویں اوور میں 74 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی جہاں رومان رئیس 16 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر 14، 14 رنز بنا سکے۔ مین آف دی میچ ٹرینٹ بولٹ نے پانچ وکٹس لئے۔

TOPPOPULARRECENT