Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان 81 رنز پر ڈھیر، ویسٹ انڈیز نے سیریز برابر کردی

پاکستان 81 رنز پر ڈھیر، ویسٹ انڈیز نے سیریز برابر کردی

بارباڈوس ۔5 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) میزبان فاسٹ بولر شینن گیبریئل کی خطرناک بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میچ میں 81 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے  106 رنز سے شکست دی اور  سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ بارباڈوس میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کے پانچویں دن ویسٹ انڈیز نے 264 رنز نو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مزید چار رنز کے اضافے کے ساتھ یاسر شاہ نے دویندرا بشو کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز ٹیم کی دورسری اننگز 268 رنز پر سمیٹ دی۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے 188 رنز کا ہدف ملا لیکن ایک نسبتاً آسان نظر آنیے والے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا۔اننگز کی ابتدا میں احمد شہزاد کا کیچ چھوٹا  جس کی بدولت اوپنرز نے اسکور کو 10 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر اظہر علی ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کوشش میں مڈ وکٹ پر کیچ ہوئے۔ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے وکٹ کیپر کو کیچ دے کر پویلین چلتے بنے۔ تجربہ کار یونس خان اور احمد شہزاد نے اسکور کو 27 تک پہنچایا ہی تھا کہ ایک خطرناک ان سوئنگ کو یونس سمجھنے میں ناکام رہے اور ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ شینن گیبریئل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں مصباح الحق اور اسد شفیق کو کھاتا کھولے بغیر ہی آؤٹ کر کے پاکستان کی آدھی ٹیم کو پویلین میں بٹھادیا۔کھانے کے وقفے کے فوراً بعد احمد شہزاد بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ شاداب خان کی اننگز بھی صرف ایک رنز تک محدود رہی۔ محمد عامر اور سرفراز احمد نے آٹھویں وکٹ کیلئے 42 رنز جوڑ کر نقصان کے ازالے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کاوش بھی شکست کو ٹالنے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ 23 رنز بنانے والے سرفراز احمد کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی پاکستان کی پوری ٹیم 81 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور میچ میں 106 رنز کی شکست سے دوچار ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریئل نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 اوورز میں 11  ہی رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا جبکہ جیسن ہولڈر نے تین اور الزاری جوزف نے دو وکٹیں لیں۔

TOPPOPULARRECENT