Saturday , July 21 2018
Home / ہندوستان / ’پدماوتی‘ کا تنازعہ، ایک شخص نے قلعہ نہارگڑھ میں پھانسی لے لی

’پدماوتی‘ کا تنازعہ، ایک شخص نے قلعہ نہارگڑھ میں پھانسی لے لی

جئے پور 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص آج راجستھان کے دارالحکومت کے قریب واقع قلعہ نہار گڑھ میں پھانسی پر لٹکا پایا گیا جبکہ قریبی ستونوں پر کچھ ایسے پیامات پائے گئے جن سے بالی ووڈ کی تاریخ پر مبنی ڈرامہ فلم ’پدماوتی‘ کا حوالہ ملتا ہے۔ ڈی سی پی نارتھ ستیندر سنگھ نے کہاکہ 40 سالہ چیتن کمار سائنی جو یہاں شاستری نگر کا متوطن اور دستکاری سے وابستہ تھا، وہ قلعہ کی فصیل کے پاس لٹکا ہوا پایا گیا۔ پولیس عہدیدار نے کہاکہ پتھروں پر ایسے پیامات کندہ کئے گئے جن سے فلم پدماوتی سے ربط معلوم ہوتا ہے لیکن فی الحال اس فلم کے خلاف احتجاجوں سے اِس واقعہ کو جوڑنا قبل ازوقت ہے۔ ایک پیام میں یوں تحریر کیا گیا کہ ’’پدماوتی کا ویرودھ کرنے والو ہم قلعہ پر صرف پتلے نہیں لٹکاتے، ہم میں ہے دم‘‘۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔ راجپوت برادری کی نمائندہ ایک تنظیم نے کہاکہ یہ احتجاج کا کوئی طریقہ نہیں ہوتا۔ صدر راجپوت کارنی سینا مہیپال سنگھ مکرانا نے کہاکہ پتھروں پر موجود پیامات اِس تنظیم کو مشتعل بکرنے کے لئے لکھے گئے۔ لوگ ہمیں دھمکارہے ہیں۔ جو کچھ ہورہا ہے وہ غلط ہے۔ فلم پدماوتی کو مختلف راجپوت گروپوں اور سیاسی قائدین کے احتجاج کا سامنا ہے جن کا الزام ہے کہ اس فلم کے ڈائرکٹر سنجے لیلا بھنسالی نے تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔ کئی گروپس بھی احتجاج کررہے ہیں اور ایسی افواہیں ہیں کہ رانی پدمنی اور علاء الدین خلجی کے درمیان خواب میں رومانس کا منظر رکھا گیا ہے۔ تاہم بھنسالی نے زور دیا ہے کہ ایسا کوئی منظر نہیں اور یہ سب افواہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT