Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی ،کابینہ کی منظوری

پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی ،کابینہ کی منظوری

انعامی اراضیات کا تحفظ ،چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس میں اہم فیصلے

حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں آج حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ یہ اجلاس تقریباً 3 گھنٹے تک جاری رہا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ ریاست میں تعمیر کئے جانے والے اہم آبپاشی پراجکٹس کے ڈیزائین میں تبدیلی کو کابینہ نے منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا حکومت سے پانی کی تقسیم کے سلسلہ میں کئے گئے معاہدات کو بھی منظور کرلیا گیا۔ انعامی اراضیات کے تحفظ اور ان کیلئے یکساں قانون کی تیاری کو کابینہ نے منظوری دی۔ اس کے علاوہ ریاست میں فشریز سائینس کالج کے قیام، مائیکرو اریگیشن کی حوصلہ افزائی اور مندروں کی ترقی کیلئے کابینی سب کمیٹی کے قیام کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں مختلف پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی کی تفصیلات سے وزراء کو واقف کرایا گیا اور ساتھ ہی ڈیزائن میں تبدیلی سے آبپاشی سہولتوں میں اضافہ کے فوائد سے آگاہ کیا گیا۔ آبپاشی شعبہ کے ماہرین نے یہ تفصیلات پیش کی۔ ڈیزائن میں تبدیلی کیلئے کابینی سب کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہیں انہیں منظوری دی گئی۔ پرانہیتا چیوڑلہ ، دیوادولہ پراجکٹ کی ری ڈیزائننگ کو منظوری دی گئی۔ کنتنا پلی ، سیتا رام بھکت رام داس، راجیو ساگر، اندرا ساگر، ایس آر ایس پی پراجکٹس کی ری ڈیزائننگ کو منظوری دی گئی۔ مجموعی طور پر 19پراجکٹس کے ڈیزائین میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ حکومت نے اس سلسلہ میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں ماہرین سے مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کی۔ دریائے گوداوری پر پراجکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں حال ہی میں مہاراشٹرا حکومت سے کئے گئے معاہدات کو منظوری دیتے ہوئے کابینہ نے اس احساس کا اظہار کیا کہ یہ معاہدات سے تلنگانہ میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ  انعامی اراضیات کے تحفظ اور ان کیلئے یکساں قانون کی تیاری کے سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ کابینہ نے اراضیات کو باقاعدہ بنانے اور فاضل اراضیات کے استعمال کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تلنگانہ میں فوڈ پراسیسنگ یونٹس پر نظر رکھیں اور اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کریں۔

TOPPOPULARRECENT