Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / پراعتماد ممبئی آج گجرات کے خلاف کامیابی کی خواہاں

پراعتماد ممبئی آج گجرات کے خلاف کامیابی کی خواہاں

روہت فام میں واپسی کیلئے کوشاں

ممبئی۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سنسنی خیز مقابلے میں غیریقینی طور پر نشانہ کا کامیاب تعاقب کرنے کے بعد بلند حوصلوں کی حامل ممبئی انڈینس کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں گجرات لائنس کے خلاف بھی کامیابی کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔ دوسری جانب گجرات بھی پونے سوپر جائنٹس کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی سے اپنے مسائل پر کسی حد تک قابو پاچکی ہے اور وہ ناقص فام کا شکار کپتان روہت شرما کی زیرقیادت ممبئی کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔ گزشتہ مقابلے میں آر سی بی کے لیگ اسپنر سامیوئل بدری کی ہیٹ ٹرک نے ممبئی کو نشانہ کے تعاقب میں 7 رنز پر 4 وکٹوں کے نقصان کی بحرانی صورتحال سے پریشان کردیا تھا، لیکن کیرن پولارڈ نے یادگار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو غیرمعمولی کامیابی دلوائی۔ روہت شرما گجرات کے خلاف وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ایک بہتر مظاہرہ کے ذریعہ اپنا کھویا ہوا فام حاصل کرنے کے خواہاں ہے، کیونکہ زخموں سے صحتیابی کے بعد وہ کوئی بڑا اسکور ہنوز نہیں بنا پائے ہیں۔ ممبئی کیلئے سب سے مثبت پہلو اس کی ٹیم میں موجودگی پانڈیا بھائیوں کا شاندار فام میں ہونا ہے۔ ہاردک پانڈیا اور کرنال پانڈیا نے تاحال کھیلے گئے مقابلوں میں شاندار آل راؤنڈ مظاہرہ کیا ہے۔ گزشتہ مقابلوں میں آر سی بی کے خلاف انتہائی دباؤ کے لمحات میں کرنال نے 30 گیندوں میں 37 رنز کی کامیاب اننگز کھیلی جبکہ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف بھی انہوں نے 20 گیندوں میں 37 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ہے۔ اس مقابلے میں ملنگا کی واپسی بھی یقینی ہے اور وہ ٹم ساؤتھی کے مقام پر بولنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ آر سی بی کے خلاف ٹم ساؤتھی مہنگے بولر ثابت ہوئے ہیں۔ ہربھجن سنگھ پاور پلے میں کافی متاثرکن ثابت ہورہے ہیں، لیکن رات میں کھیلے جانے والے مقابلے میں شبنم کا بھی کردار نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT