Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانا شہر میں آج محمدعلی شبیر کی پدیاترا

پرانا شہر میں آج محمدعلی شبیر کی پدیاترا

کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت، پارٹی کو مستحکم بنانے کی کوشش
حیدرآباد 19 جنوری (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر محمد علی شبیر 20 جنوری کو بلدی ڈیویژن دودھ باؤلی اور گھانسی بازار میں پدیاترا کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس شعبہ اقلیت شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ پرانے شہر میں کانگریس پارٹی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے۔ پرانے شہر میں کانگریس کا دوبارہ احیاء کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ مجلس کو اپنا مضبوط قلعہ تصور کرتی ہے اُسی علاقہ میں کانگریس اپنا پرچم لہراتے ہوئے مجلس کا متبادل بن کر پرانے شہر میں اُبھرے گی۔ پرانے شہر میں کانگریس کے کئی چاہنے والے ہیں اور مجلس سے ناراض عوام اور قائدین کی تائید کانگریس کے ساتھ ہے۔ انتخابی نتائج چونکا دینے والے ثابت ہوں گے۔ کانگریس کے تمام سینئر قائدین پرانے شہر کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے مقامی قائدین کے ساتھ ہیں۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر 20 جنوری کو پرانے شہر میں پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ گھانسی بازار ڈیویژن میں سابق کارپوریٹر محمد غوث کی اہلیہ و کانگریس کی امیدوار پروین سلطانہ اور بلدی ڈیویژن دودھ باؤلی میں کانگریس کے امیدوار معراج محمد کے ساتھ دونوں ڈیویژنس میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے اور مختلف مقامات پر عوام سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس شعبہ اقلیت محمد خواجہ فخرالدین کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود رہیں گے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہاکہ پرانے شہر میں کانگریس کی انتخابی مہم کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ 22 جنوری سے کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT