Saturday , November 18 2017
Home / جرائم و حادثات / پرانا شہر میں نوجوان کی خودکشی، بیوی اور ساس گرفتار

پرانا شہر میں نوجوان کی خودکشی، بیوی اور ساس گرفتار

حیدرآباد 15 مارچ (سیاست نیوز) مغل پورہ پولیس نے احتجاج اور متوفی میر ہاشم حسین رضوی کے رشتہ داروں کی برہمی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد بشمول دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز میر ہاشم حسین رضوی نے اپنی بیوی اور سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر بیوی کے رویہ نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی تھی۔ متوفی کے رشتہ داروں نے آج زبردست احتجاج کرتے ہوئے رضوی کی نعش کے ساتھ ڈی سی پی آفس پرانی حویلی پر دھرنا منظم کیا اور پولیس مغلپورہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس خصوص میں ڈی سی پی ساؤتھ زون کے سخت اقدامات پر مغلپورہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 ماہ کے دولہے میر ہاشم حسین رضوی کی موت کے ذمہ دار تصور کئے جارہے تین افراد بشمول دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔ میر ہاشم حسین رضوی کے بھائی میر افسر حسین رضوی نے کل ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا سے تحریری شکایت کی تھی اور ان کے بھائی کی بیوی اور سسرالی رشتہ داروں پر الزام لگایا تھا کہ ان کے بھائی کو وہ لوگ ہراساں و پریشان کررہے تھے اور دھمکیاں بھی دے رہے تھے جس سے تنگ آکر رضوی نے خودکشی کرلی۔ انھوں نے پولیس سے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انسپکٹر مغلپورہ مسٹر دیویندر نے بتایا کہ میر ہاشم حسین رضوی کی خودکشی کے سلسلہ میں ان کی بیوی افشاں النساء اور اس کی والدہ کے علاوہ ڈاکٹر طاؤس کو گرفتار کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

TOPPOPULARRECENT