Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / پرانا شہر کے نوجوانوں کے لیے آج خلوت میں روزگار میلہ

پرانا شہر کے نوجوانوں کے لیے آج خلوت میں روزگار میلہ

ایس ایس سی سے لے کر گریجویٹس کو ملازمتوں کا موقع ، کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس

ایس ایس سی سے لے کر گریجویٹس کو ملازمتوں کا موقع ، کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : غربت ، بیروزگاری ، ناخواندگی اور تعصب ایسی بیماریاں ہیں جو کسی معاشرہ کو اپنا شکار بنائیں تو وہ معاشرہ زوال سے دوچار ہوجاتا ہے ۔ چنانچہ جن ممالک جن علاقوں اور شہروں و دیہاتوں میں بیروزگاری کے ساتھ ساتھ مذکورہ سماجی بیماریاں پائی جاتی ہیں وہاں ہمیشہ تشدد کی لہر جاری رہتی ہے اور ترقی و خوشحالی اس طرف کا رخ بھی نہیں کرتی ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں بھی بہت زیادہ بیروزگاری پائی جاتی ہے ۔ خاص طور پر مسلم نوجوانوں میں بیروزگاری پائی جاتی ہے ۔ نتیجہ میں معاشرہ میں معاشی پسماندگی کا ہونا لازمی بات ہے ۔ شہر کے مسلم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ساوتھ زون پولیس اور محکمہ اقلیتی بہبود نے مشترکہ طور پر چومحلہ خلوت پیالیس کے قریب سری چندرا کالج میں ’’ روزگار میلہ ‘‘ کا اہتمام کیا ہے جس کے دوران کارپوریٹر سیکٹر خاص طور پر انفارمیشن ٹکنالوجی و غیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں 1355 نوجوانوں کا تقرر کیا جائے گا ۔ اس روزگار میلہ میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے آج اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ اس سنہری موقع سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں اور ایک خوشحال معاشرہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کریں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ روزگار میلہ صبح 10 بجے سے شروع ہوگا جس میں 13 قومی و ہمہ قومی کمپنیاں حصہ لیتے ہوئے ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ ، گریجویشن ( کسی بھی مضامین کے ) کو ملازمتیں فراہم کریں گی ۔ ان کمپنیوں میں ورون موٹرس پرائیوٹ لمٹیڈ حیدرآباد ، 24/7 سرویس ، ایس بی آئی ، گوڈریج ، لبیزر ، ایرٹیل ، آئی سی آئی سی آئی بنک ، آئیڈیا ، کوئک ڈیل ای کام ، ارامیکس ، اکوا گارڈ ، ڈاکٹر ریڈی لیبارٹری ، آئی ایس ایس ایس ڈی بی سیکوریٹی سرویس پرائیوٹ لمٹیڈ ، یوریکا فوربس بھاشیم ڈیولپرس ، ٹی بی ایس ایس ، ایچ جی ایس ہٹیرو فارمیسی ، جاب لنک آئی ٹی سلیوشنس ، انڈیا جابس 2 یو ، یو ایس آ:ی ٹی رکروٹرس اور آفاق کلنک شامل ہیں ۔ ان کمپنیوں کی ملازمتوں کے لیے منتخب ہونے والے امیدواروں کو ان کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ماہانہ 7000 تا 15000 روپئے تنخواہ اور دیگر ترغیبات و مراعات دی جائیں گی ۔ کمشنر پولیس کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ساوتھ زون مسٹر سی ترپاٹھی ، ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر بابو راؤ بھی موجود تھے ۔ روزگار میلہ میں کمشنر پولیس مہمان خصوصی افتتاح انجام دیں گے ۔ مسٹر سروا شیریستھ ترپاٹھی اور جناب جلال الدین اکبر مہمانان اعزازی ہوں گے ۔ بہر حال شہر کے بیروزگار نوجوان اس روزگار میلہ میں شرکت کرتے ہوئے اچھی ملازمتیں حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT