Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر سے چنچل گوڑہ جیل کی منتقلی کے بجائے ایک اور جیل

پرانے شہر سے چنچل گوڑہ جیل کی منتقلی کے بجائے ایک اور جیل

ٹی آر ایس کا وعدہ سے انحراف ، پیٹلہ برج میں ایچ ایم آر سے پولیس بیارکس کی تعمیر کا آغاز

ٹی آر ایس کا وعدہ سے انحراف ، پیٹلہ برج میں ایچ ایم آر سے پولیس بیارکس کی تعمیر کا آغاز
حیدرآباد۔12۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے چنچل گوڑہ جیل کو پرانے شہر سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ٹی آر ایس کے اقتدار میں حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے پرانے شہر کے علاقہ میں ایک اور جیل تعمیر کرنے کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل نے پیٹلہ برج کے علاقہ میں پولیس بیارکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹلہ برج زچگی خانہ سے متصل اراضی پر پولیس بیارکس کی تعمیر کا بورڈ آویزاں کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایچ ایم آر کی جانب سے پولیس بیارکس کی تعمیر کو سرکاری منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب اس اراضی کی حوالگی کے لئے سابقہ حکومت نے ایچ ایم آر کو منظوری فراہم کردی تھی لیکن اس کے بعد بھی کئی عرصہ تک تعمیری کام تعطل کا شکار رہا مگر اب حیدرآباد میٹرو ریل پرائیویٹ لمٹیڈ کے تعمیراتی کاموں کا تیز رفتار آغاز ہوچکا ہے اور پیٹلہ برج پر واقع اس اراضی کے اطراف دیوار اٹھائے جانے کے بعد جب پولیس بیارکس کا بورڈ آویزاں کیا گیا تو پرانے شہر کے عوام میں بے چینی پیدا ہوگئی ۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایچ ایم آر نے تعمیراتی کاموں کے علاوہ دیگر اغراض و مقاصد کے لئے جو مقامات کا تعین کیا گیا وہ مقامات پرانے شہر سے کافی دور رہے جس سے فیکٹریز وغیرہ میں جہاں حیدرآباد میٹرو ریل کے میٹریل کی تیاری و دیگر امور انجام دیئے جارہے تھے، وہاں پرانے شہر کے نوجوانوں کو روزگار کے حصول کے مواقع میسر نہیں آئے لیکن اب پرانے شہر میں پولیس بیارکس تعمیر کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف اقدام کیا جارہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ اور حیدرآباد میٹرو ریل کے درمیان راہ داریوں کی تبدیلی کے مسئلہ پر مذاکرات جاری ہیں اور ایسی صورت میں حیدرآباد میٹرو ریل راہداریاں حکومت کی ہدایت کے مطابق تبدیل کرسکتی ہے۔ اسی لئے پرانے شہر بالخصوص پیٹلہ برج کے اطراف و اکناف کے علاقوں کے عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ پیٹلہ برج زچگی خانہ سے متصل اراضی پر پولیس بیارکس کی تعمیر کے مقام کو تبدیل کرے، چونکہ اگر ان بیارکس کا استعمال ملزمین و مجرمین کو رکھنے کیلئے کیا جانے لگا تو ایسی صورت میں پرانے شہر میں ایک اور جیل کا اضافہ ہوگا۔حیدرآباد میٹرو ریل عہدیداروں کے بموجب پیٹلہ برج میں پولیس بیارکس کے قیام کو سرکاری منظوری کے بعد ہی تعمیراتی کاموں کا آغاز عمل میں لایا گیا ہے اور میٹرو ریل کے ماہرین نے اس جگہ کو پولیس بیارکس کیلئے موزوں قرار دیا ہے جس کے سبب یہاں پولیس بیارکس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT