Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر میں برقی کٹوتی کے اوقات میں تبدیلی کا مطالبہ

پرانے شہر میں برقی کٹوتی کے اوقات میں تبدیلی کا مطالبہ

حکومت کی سردمہری اور عوامی نمائندوں کی بے حسی سے عوام پریشان حال

حکومت کی سردمہری اور عوامی نمائندوں کی بے حسی سے عوام پریشان حال
حیدرآباد ۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقوں میں عوام کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہیکہ صبح کے اوقات میں جو برقی کٹوتی کی جارہی ہے اس وقت میں کم از کم تبدیلی لائی جائے۔ عموماً ماہ رمضان المبارک کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن بارہا کئے جانے والے اس مطالبے پر حکومت کی سردمہری اور منتخبہ عوامی نمائندوں کی بے حسی سے عاجز عوام نے منتخبہ عوامی نمائندوں، برقی عہدیداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ کم از کم وہ صبح کے اوقات میں جو برقی منقطع کی جارہی ہے اس میں تبدیلی لائے۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقے بالخصوص فلک نما، انجن باؤلی، شاہ علی بنڈہ، مغلپورہ، کالاپتھر، تاڑبن، حسینی علم، شکرگنج کے علاوہ دیگر علاقوں میں صبح کے وقت 8.30 بجے برقی سربراہی منقطع کی جارہی ہے اور دو گھنٹے سے زائد برقی سربراہی منقطع رہتی ہے۔ صبح 8.30 بجے برقی سربراہی منقطع کئے جانے کے سبب گھریلو خواتین کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بالخصوص اسکول جانے والے بچوں کی تیاری و دیگر امور کی انجام دہی میں انہیں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ گھریلو خواتین کا استدلال ہیکہ اگر محکمہ برقی کی جانب سے صبح 8.30 کے وقت کو تبدیل کیا جاتا ہے تو انہیں بڑی راحت ہوگی چونکہ بچوں کو اسکول روانہ کرنے اور انہیں اسکول روانگی کیلئے تیار کرنے میں 8.30 کے آس پاس کا وقت انتہائی اہم ہوتا ہے اور اس وقت برقی سربراہی منقطع ہونے سے کئی پریشانیاں ہورہی ہیں۔ پرانے شہر کے عوام کا کہنا ہیکہ اگر صبح 8.30 بجے کے بجائے 11 بجے کے بعد برقی سربراہی منقطع کی جاتی ہے اور دو گھنٹے کی کٹوتی کی تکمیل 11 بجے سے کی جاتی ہے تو عوام کو کچھ حد تک راحت حاصل ہوگی اور صبح سحر اور فجر کے بعد آرام کرنے والوں کو بھی کچھ آرام ہوگا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں برقی سربراہی منقطع کئے جانے کے سبب عوام میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہورہی ہے اور کئی اسکولس میں طلباء کی تعداد بھی گھٹتی جارہی ہے، جس کے متعلق بتایا جاتا ہیکہ صبح برقی نہ ہونے کے سبب گھریلو خواتین بچوں کو اسکول کیلئے تیار کرنے سے قاصر ہیں۔ محکمہ برقی کے عہدیدار اگر ان مسائل میں گرفتار عوام کو ماہ رمضان المبارک کے دوران کچھ راحت پہنچانا چاہتے ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ اس عوامی مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے برقی کٹوتی کے اوقات کار میں تبدیلی لائیں تاکہ عوام کو جو مشکلات ہورہی ہے انہیں وقتی طور پر ہی سہی دور کیا جاسکے۔ پرانے شہرکے عوام نے منتخبہ عوامی نمائندوں سے خواہش کی ہیکہ وہ ان کے اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کروائیں۔

TOPPOPULARRECENT