Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر میں صاف صفائی پر خاص توجہ

پرانے شہر میں صاف صفائی پر خاص توجہ

ترقیاتی و تعمیراتی پروگرامس پر عمل آوری ، زونل کمشنر بالا سبرامنیم ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( عبدالرشید سلفی ) : زونل کمشنر جی ایچ ایم سی ساوتھ زون مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے کہا کہ پرانا شہر حیدرآباد کو جدید طرز کے حقیقی شہر حیدرآباد میں تبدیل کرنے کی غرض سے جی ایچ ایم سی ساوتھ زون کے حدود میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے صاف صفائی ، سنیٹیشن ، واٹر سپلائی اور عوام کو دیگر اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ ساوتھ زون حدود میں مختلف ترقیاتی و تعمیراتی پروگرامس انجام دئیے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے اپنے دفتر واقع سردار محل جی ایچ ایم سی میں نمائندہ سیاست عبدالرشید سلفی سے بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی ساوتھ زون کے حدود میں جملہ 68 سوچھ حیدرآباد یونٹس ہیں اور مذکورہ یونٹس میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے انجام دئیے گئے ۔ ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام کے دوران ساوتھ زون میں واقع 68 سوچھ حیدرآباد یونٹس میں چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی وزراء اور سرکاری عہدیداروں نے مختلف محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کر کے حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی جس پر حکومت تلنگانہ جی ایچ ایم سی ساوتھ زون کے عوام کو درکار اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے ساوتھ زون میں واقع 68 سوچھ حیدرآباد یونٹس کے منجملہ فی یونٹ کو 50 لاکھ روپئے کے حساب سے 68 یونٹس کے لیے جملہ 340 کروڑ روپئے کی رقمی منظوری دی گئی ہے ۔ منظورہ رقومات کے ذریعہ جی ایچ ایم سی ساوتھ زون کے حدود میں مختلف ترقیاتی کام جیسے بی ٹی روڈس کی تعمیر و مرمت ، سی سی روڈس ، ڈرینج لائنس ، فینسنگ ، کمپاونڈ والس ، واٹر سپلائی ، اسٹریٹ لائٹس کے علاوہ دیگر ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں جب کہ بعض کام تکمیل کے مراحل میں ہیں اور بعض کاموں کی انجام دہی جاری ہے ۔ اسی طرح سے انہوں نے بتایا کہ ساوتھ زون کے حدود میں واقع نالوں کی تعمیر و مرمت اور صفائی کے کام تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ اور بتایا کہ موسم برسات کے پیش نظر تمام نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے تاکہ بارش کے پانی کی بہ آسانی نکاسی ہوسکے اور مچھروں کی افزائش پر بھی قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ساوتھ زون کے حدود میں بارش کی وجہ سے خراب ہونے والی بی ٹی روڈس کی فوری طور پر مرمت کرنے کے لیے بلدیہ عملہ کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ عملہ کی جانب سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کا کام جاری ہے اورینٹیشن کے لیے بھی عملہ کو ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے زون میں سیلف ہیلپ گروپس کو بینکوں سے قرضہ جات کی فراہمی کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں اور بتایا کہ E-Van ایمپلائمنٹ رجسٹریشن ویان اسکیم کا بھی آغاز کیا گیا ہے ۔ مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے جی ایچ ایم سی ساوتھ زون کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے اپنی شکایتوں کو ٹول فری نمبر (21111111) پر درج کروائیں یا راست طور پر اپنے علاقائی متعلقہ عہدیداروں یا ان سے ( مسٹر بالا سرامنیم ریڈی ) سے ربط کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT