Wednesday , September 19 2018
Home / جرائم و حادثات / پرانے شہر میں پولیس کی اندھادھند گرفتاریاں جاری

پرانے شہر میں پولیس کی اندھادھند گرفتاریاں جاری

محروس نوجوانوں کو نامعلوم مقامات پر رکھا گیا ۔ کسی بھی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا

محروس نوجوانوں کو نامعلوم مقامات پر رکھا گیا ۔ کسی بھی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا
حیدرآباد 12 اپریل (سیاست نیوز) وقار احمد اور اس کے چار ساتھیوں کو مبینہ فرضی انکاونٹر میں ہلاک کرنے کے بعد عوام میں غم و غصہ کے نتیجہ میں رونما ہونے والے بعض سنگباری اور پولیس ملازمین پر حملے کے بعد پولیس نے درج کئے گئے مقدمات میں پولیس پرانا شہر میں اندھا دھند گرفتاریاں کررہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس محمد عادل عرف چور عادل جس کے خلاف بھوانی نگر پولیس اسٹیشن میں سرقہ کے دو مقدمات درج ہیں کو سنگباری کے واقعات میں مبینہ ملوث ہونے کے سبب اس کی تلاش شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عادل کی نشاندہی پولیس کی جانب سے خفیہ ویڈیو گرافی اور مقامی مخبروں کی مدد سے فراہم کردہ اطلاعات پر کی گئی ہے ۔ ٹاسک فورس اور ساوتھ زون کی خصوصی ٹیم نے علاقہ چندرائن گٹہ ‘بھوانی نگر ‘تالاب کٹہ ‘نشیمن نگر اور دیگر علاقوں سے کئی نوجوانوں کو حراست میںلے لیا ہے اور انہیں نامعلوم مقامات پر محروس رکھا گیا ہے ۔ پولیس نے سنگباری کے واقعہ سے متعلق 11 مقدمات درج کئے ہیں اور اب تک کسی بھی نوجوان کی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ گرفتاریوں پر روک لگانے کی کسی گوشے سے کوئی کوشش بھی نہیں ہو رہی ہے ۔ مصلحت پسند قائدین کی جانب سے احتجاج کیلئے مسلسل روکے جانے سے عوام میں ناراضگی ہے اور کئی نوجوانوںکو جو پرامن اور جمہوری انداز میں احتجاج کے خواہاں تھے قائدین کی جانب سے روکدینے کے سبب پرامن احتجاج ‘پرتشدد واقعات میں تبدیل ہوگیا ۔ باورکیا جاتا ہے کہ سعید آباد پالیسی کے تحت بعض مخصوص نوجوانان محلہ کو قائدین نے فون کالس کے ذریعہ جمہوری انداز میں بھی احتجاج نہ کرنے کا مشورہ دیا اور ان کی ہدایت نہ ماننے پر پولیس مقدمات میں ماخوذ کرنے اور بعدازاں قانونی امداد فراہم نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔پولیس عہدیداروں نے وقار احمد کے جلوس جنازہ میں قائدین کی موجودگی اور نوجوانوں کو نعرہ بازی سے روکنے سے سکون کی سانس لی ہے ۔ اب پولیس کو یہ یقین ہوگیا کہ قائدین مصلحت پسندی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ایسے نوجوانوں پر نظر رکھنا ضروری ہے جو قائدین کے اثر سے باہر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT