پرانے شہر میں ڈکیتی کی واردات ، پانچ کیلو سونا لوٹ لیا گیا

پیٹلہ برج میں زیورات تیار کرنے کے والے کارخانے میں چاقو کی نوک پر کارروائی
حیدرآباد ۔ /6 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر میں پیش آئی ڈکیتی کی سنگین واردات میں پانچ کیلو طلائی زیورات جیولری تیار کرنے والے کارخانے سے لوٹ لئے گئے ۔ یہ واقعہ آج دوپہر پیٹلہ برج میں پیش آیا جو سٹی پولیس ہیڈکوارٹر سے بالکل کچھ ہی فاصلے پر ہے ۔ تفصیلات کے بموجب تقریباً 12 افراد پر مشتمل ڈاکوؤں کی ٹولی پیٹلہ برج رہائشی علاقے میں طلائی زیورات تیار کرنے والے کارخانے میں اچانک گھس پڑی اور ملازمین کو چاقو کی نوک پر دھمکاتے ہوئے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ ڈاکوؤں نے مقام واردات سے فرار ہونے کے دوران وہاں پر موجود سی سی ٹی وی کیمرے اور اس کی ریکارڈنگ کرنے والے ڈی وی آر سیٹ کا بھی سرقہ کرلیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ طلائی زیورات کارخانے کے بعض ملازمین کا ڈکیتی میں رول ہوسکتا ہے ۔ اس زاویہ میں تحقیقات جاری ہیں ۔ آج دوپہر 1.10 بجے 12 ڈاکوؤں کی ایک ٹولی جو نقاب پوش تھے کارخانے میں داخل ہوئی ۔ وہاں موجود افراد کے ہاتھ پیر باندھ کر منہ پر پلاسٹر لگادیا ۔ ڈاکو ایک گھنٹے تک مقام واردات پر موجود تھے اور چاقوؤں اور بندوقوں سے ملازمین کو دھمکایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ صائب داس اور اس کے ساتھی دیپانکر جن کا تعلق مغربی بنگال سے ہے پیٹلہ برج کے رہائشی علاقے میں طلائی زیورات کی ڈیزائننگ کا ایک کارخانہ چلاتے ہیں اور شہر کے مختلف جویلری شاپ سے سونا حاصل کرکے اسے آرڈر پر مختلف ڈیزائنوں میں ڈھالنے کا کام کرتے تھے ۔ اس واردات کے بعد لٹیرے وہاں سے فرار ہوگئے اور ملازمین نے چارمینار پولیس کو اس سلسلے میں آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائن ، ایڈیشنل ڈی سی پی محمد غوث محی الدین کلوز ٹیم کے ہمراہ مقام واردات پر پہونچ گئے اور وہاں کا معائنہ کیا ۔ پولیس نے عینی شاہدین سے پوچھ تاچھ کی جس کے بعد بعض ملازمین کو حراست میں لیکر ان کی تفتیش کا آغاز کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس واردات کے پس پردہ بعض سابق ملازمین ملوث ہوسکتے ہیں چونکہ جس طرح سے ڈکیتی کی واردات انجام دی گئی کوئی نیا فرد وہاں اس قسم کی واردات انجام نہیں دے سکتا ۔ پولیس نے 12 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جارہا ہے ۔ پولیس کو یقین ہے کہ وہ اندرون 24 گھنٹے اس ڈکیتی کا معمہ حل کرلے گی ۔ چارمینار پولیس نے مقدمہ درج کرلے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT