Saturday , December 15 2018

پرانے شہر کو ترقی سے محروم رکھنا جماعت کا کارنامہ : محمد غوث

ہاتھ کو ووٹ دو پتنگ کو کاٹ دو، علی بن ابراہیم مسقطی کا نعرہ
حیدرآباد ۔24 نومبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ چارمینار میں کانگریس کے امیدوار محمد غوث کی طوفانی انتخابی مہم جاری ہے۔ عوام جگہ جگہ پر والہانہ استقبال کررہے ہیں۔ تلگودیشم کے ریاستی نائب صدر علی بن ابراہیم مسقطی کی انتخابی مہم میں شرکت کے بعد محمد غوث کی سیاسی طاقت میں زبردست اضافہ ہوگیا۔ محمد غوث نے آج مجسمہ نہرو لعل دروازہ، گولی پورہ، ہری باؤلی اور سلطان شاہی کے مختلف علاقوں میں کانگریس، تلگودیشم اور سی پی آئی کے قائدین و کارکنوں کے ساتھ پدیاترا منظم کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ انہیں کامیاب بنانے پر اسمبلی حلقہ چارمینار کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام ہندو مسلم فرقہ پرستی کے خلاف ہیں۔ امن اور ترقی کے خواہشمند ہیں۔ برسوں سے کامیاب ہونے کے باوجود چھوٹی جماعت کے عوامی منتخب نمائندوں نے اسمبلی میں مسائل کو اٹھانے اور اس کو فوری حل کرانے میں ناکام ثابت ہوگئے۔ ناکارہ امیدواروں کو دوبارہ کامیاب بنانا حلقہ اسمبلی چارمینار کو مزید 5 سال ترقی سے محروم رکھنے کے مترادف ہوگا۔ ٹی آر ایس چھوٹی جماعت سے جائز اور بڑی جماعت سے ناجائز تعلقات قائم کرتے ہوئے ریاست کو لوٹ رہی ہے اور فرقہ پرستی کی حوصلہ افزائی میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ ایسی جماعتوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم کے نائب صدر علی بن ابراہیم مسقطی نے کہا کہ اسمبلی حلقہ چارمینار سے پیپلز فرنٹ کے امیدوار محمد غوث کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے ہاتھ کو ووٹ دو اور پتنگ کو کاٹ دو کا نعرہ دیتے ہوئے عوام میں جوش و خروش پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT