Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر کی ترقی سے حکومت کا تعصب

پرانے شہر کی ترقی سے حکومت کا تعصب

خلوت میں ملٹی لیول پارکنگ کی تعمیر کے لیے ٹال مٹول ، کئی پراجکٹس آغاز سے قبل ہی بند
حیدرآباد۔8نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کی ترقی سے حکومت کو تعصب ہے؟ شہر حیدرآباد کی ترقی کے بلند بانگ دعوے تو کئے جاتے ہیں لیکن پرانے شہر کے پراجکٹس افتتاح کے بعد تعطل کا شکار بن جاتے ہیں جس کی وجہ سے پرانے شہر کی ترقی کی رفتار سست ہوتی جا رہی ہے بلکہ شہر اب تک بھی پسماندگی کی گہری کھائیوں سے نکل نہیں پایا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پرانے شہر میں خلوت پیالس کے قریب ایک ملٹی لیول کار پارکنگ کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن اس کی تعمیر کے متعلق کئی برسوں تک ٹال مٹول کے بعد اب یہ کہہ دیا گیا ہے کہ جس ایجنسی کو اس کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا گیا تھا اس ایجنسی سے کیا گیا معاہدہ مسترد کردیا گیا ہے اور اب نئے طریقہ سے دوبارہ اس ملٹی لیول کار پارکنگ کے لئے ٹنڈر طلب کرتے ہوئے اسے دوبارہ منظور کیا جائے گا۔ پرانے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں میں اہمیت کے حامل کاموں کو نظرانداز کرتے ہوئے ان کے متعلق سوتیلے سلوک کیلئے عہدیدار کس حد تک ذمہ دار ہیں اس کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوگی کہ وہ اس معاملہ میں بے چارے ہوتے ہیں اور نمائندوں کے ہاتھوں کٹھ پتلی سے زیادہ کچھ نہیں ہوتے۔ منتخبہ عوامی نمائندے اگر ان امور کو بخوبی انجام دینے لگیں تو حالات میں تبدیلی ممکن ہے لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے کیونکہ ان ترقیاتی پراجکٹ سے کہیں نہ کہیں کسی کا کوئی مفاد وابستہ ہوتا ہے۔ خلوت میں ملٹی لیول کار پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے لئے ٹنڈر کی وصولی اور سنگ بنیاد رکھے جانے کے بعد جو رکاوٹیں پیدا کی گئی ہیں ان رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعدد کوششیں ہوئیں جن کی تفصیلات سے عہدیدار اور منتخبہ عوامی نمائندے واقف ہیں ۔ اس عمل کے دوران ہوئی تاخیر کے باعث پراجکٹ کی تخمینی لاگت سے قیمت میں کافی اضافہ ہوگیا جس کے سبب خود کنٹراکٹر نے اس سلسلہ میں بلدی عہدیداروں کو واقف کروایا لیکن اس کے باوجود اس مسئلہ پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی لیکن اب حد تو یہ ہوگئی ہے کہ اس ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا تعمیری ٹھیکہ ہی منسوخ کردیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مئیر جی ایچ ایم سی نے گذشتہ ماہ اس کامپلکس کے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں اور ان تفصیلات کا جائزہ لئے جانے کے فوری بعد خلوت پارکنگ کامپلکس کا تعمیری ٹھیکہ منسوخ کردیئے جانے کی توثیق ہو چکی ہے اس طرح پرانے شہر میں تعمیر کیا جانے والے پارکنگ کامپلکس کا منصوبہ تعطل کا شکار ہو چکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT