Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر کی سیکوریٹی انتظامات پر پولیس کمشنر کی راست نگرانی

پرانے شہر کی سیکوریٹی انتظامات پر پولیس کمشنر کی راست نگرانی

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں وسیع تر بندوبست، پتھرگٹی تا چارمینار خصوصی دستے تعینات

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں وسیع تر بندوبست، پتھرگٹی تا چارمینار خصوصی دستے تعینات
حیدرآباد ۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ پتھرگٹی، چارمینار، مدینہ بلڈنگ میں ماہ رمضان المبارک کے آخری دہے کے دوران گہما گہمی میں زبردست اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس گہماگہمی پر کنٹرول کے علاوہ عوام کو بہتر سیکوریٹی کی فراہمی کیلئے خود پولیس کمشنر مسٹر ایم مہیندر ریڈی 8 جولائی کو پرانے شہر میں خصوصی طور پر وقت گذاریں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب 8 جولائی کی شب کمشنر سٹی پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی پرانے شہر کے مصروف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ سٹی پولیس کمشنر نے فیصلہ کیا ہیکہ وہ خود پرانے شہر میں وقت گذارتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات میں جائزہ لیتے رہیں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساوتھ زون مسٹر بابو راؤ نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دوران پرانے شہر میں تجارتی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافہ پر کنٹرول کے علاوہ کسی بھی طرح کے ناگہانی واقعہ کو روکنے کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی محکمہ پولیس حفاظتی و صیانتی سرگرمیوں میں مصروف ہے اور رات کے اوقات میں خصوصی طور پر اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعہ امن و امان کی برقراری پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے لیکن آخری ایام میں پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں عروج پر پہنچ جاتی ہیں اسی لئے اضافی سیکوریٹی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تاکہ عوام کو نہ صرف سارقین سے محفوظ رکھا جاسکے بلکہ مختلف جرائم پیشہ افراد سے انہیں بچانے کے علاوہ سرقہ کی وارداتوں پر کنٹرول کیا جاسکے۔ مسٹر بابو راؤ نے بتایا کہ آخری عشرہ کے دوران پرہجوم بازاروں میں سیکوریٹی کی فراہمی کیلئے نہ صرف خصوصی فورسیس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں بلکہ شی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پرہجوم علاقوں میں پولیس کے پکٹس تعینات کردیئے گئے ہیں۔ تاریخی چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی خدمات انجام دینے والے دستوں کو متعین رکھا گیا ہے جن میں فائر بریگیڈ کا عملہ بھی شامل ہے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے پرانے شہر کے تجارتی علاقوں میں ٹریفک کے آسان بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے بھی متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ تاجرین اور گاہکوں دونوں کی سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے تجارتی علاقوں میں مصروف اوقات کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کی خواہش کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT