Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر کی عوام کو حکومت کی جانب سے تحفہ!

پرانے شہر کی عوام کو حکومت کی جانب سے تحفہ!

سردار محل میں فوڈ کورٹ قائم کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔19ڈسمبر(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ سیاحت کی جانب سے ’فوڈ کورٹ‘ کی تعمیرکے منصوبہ کو قطعیت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اب بہت جلد پرانے شہر کی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی زونل آفس تاریخی عمارت ’’سردار محل‘‘ میں فوڈ کورٹ قائم کیا جائے گا ۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل میں تیزی پیداکرنے کے ساتھ ساتھ جی ایچ ایم سی نے پراجکٹ سے جڑے دیگر کاموں کا جائزہ لینا بھی شروع کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ساؤتھ زون جی ایچ ایم سی کے دفتر کی منتقلی اور سردار محل کی آہک پاشی کے امور کا بھی جائزہ لینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ وزارت بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے اعلی عہدیدار کے مطابق چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تعمیر کافی نہیں ہے بلکہ اس پراجکٹ پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے کئی ایک اقدامات کرنے ہوں گے اسی لئے پراجکٹ کے ساتھ ساتھ جو ترقیاتی امور کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانا ناگزیر ہے کیونکہ سیاحوں کے لئے تفریح کے ساتھ ان کی دلچسپی کے سامان کی فراہمی بھی یقینی بنائی جانی چاہئے۔ سردار محل میں فوڈ کورٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں 2006میں منصوبہ کو حکومت کی جانب سے قطعیت دی جا چکی تھی لیکن اس کے بعد سے اب تک اس منصوبہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی تھی لیکن اب جبکہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تو اس کے ساتھ ساتھ تیزی سے اطراف کے علاقوں کی صورتحال کی تبدیلی کو بھی ممکن بنانے کے متعلق منصوبہ تیار کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ بلدی عہدیدار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ پراجکٹ کی تکمیل کے فوری بعد جی ایچ ایم سی کے دفتر کو پہنچنے والے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اسی لئے اس عوامی دفتر کی منتقلی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ساتھ میں سردار محل کے تحفظ و ترقی کے علاوہ یہاں فوڈ کورٹ کے قیام کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اس تاریخی عمارت کو ریاست کے محکمہ سیاحت کے حوالہ کرنے کے متعلق غور کیا جا رہا ہے تاکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے سردار محل میں دکنی‘ مغلائی ‘ حیدرآبادی اور ساؤتھ انڈین کے علاوہ دیگر اشیائے تغذیہ کے فوڈ کورٹ کا آغاز عمل میں لایا جا سکے ۔ محکمہ سیاحت سردار محل کی عمارت محکمہ سیاحت کے حوالے کئے جانے کی صورت میں اس مقام کو فوڈ کورٹ کے ساتھ ’’ تہذیبی مرکز‘‘ کے طور پر فروغ دینے کے متعلق بھی غور کر رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT