Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / پرانے شہر کی پسماندگی کو ختم کرنے ایم ایل سی کوٹہ سے رقم جاری کرنے کا تیقن

پرانے شہر کی پسماندگی کو ختم کرنے ایم ایل سی کوٹہ سے رقم جاری کرنے کا تیقن

قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر کی سالگرہ تقریب ، مریضوں میں میوہ کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے آج پرانے شہر کے سرکاری میٹرنٹی ہاسپٹل میں غریب مریضوں میں پھل تقسیم کرتے ہوئے اپنی 59 ویں سالگرہ مناتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ۔ ان کے حامیوں کی جانب سے ان کی قیام گاہ جوبلی ہلز اور کاماریڈی کے علاوہ تلنگانہ کے مختلف مقامات پر سالگرہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پرانے شہر کی پسماندگی دور کرنے کے لیے اپنے ایم ایل سی فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ اور دوسرے ارکان راجیہ سبھا اور ارکان قانون ساز کونسل سے بھی اس مسئلہ پر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کانگریس کے قائد سابق کارپوریٹر محمد غوث کی جانب سے محمد علی شبیر کی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج کے مریضوں میں پھل تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں محمد علی شبیر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کانگریس کے قائدین محمد غوث ، ساجد شریف ، محمد عبدالعرفان ، معراج محمد ، طاہر عفاری ، ایس محمد واجد حسین ، سید نظام الدین ، موسیٰ قاسم ، مجتبیٰ عابدی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ مریضوں میں پھل تقسیم کرنے کے بعد محمد علی شبیر نے محمد غوث کے آفس کا بھی دورہ کیا ۔ اس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ان کے بحیثیت انچارج منسٹر سٹی حیدرآباد کے موقع پر میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور ان کے دور میں اس ہاسپٹل کا افتتاح کیا گیا ۔ انہیں اس ہاسپٹل میں غریب مریضوں اور ان کے دوست و رشتہ داروں کی موجودگی میں سالگرہ تقریب مناتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ غریب عوام کے چہرے پر خوشی اور مسلم طلبہ بالخصوص نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم تھمانا ان کا مقصد حیات ہے اور وہ اس کوشش میں کامیاب بھی ہورہے ہیں ۔ 4 فیصد مسلم تحفظات سے مسلم گھرانے تعلیم کی روشنی سے آباد ہورہے ہیں ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کی زندگیوں سے کبھی کھلواڑ نہیں کیا جب کہ مجلس اور اس کی موجودہ قیادت اپنے سیاسی مفادات کے لیے نوجوانوں کو جذباتی تقاریر کے ذریعہ غنڈہ گردی کا درس دیتے ہوئے انہیں اپنے سیاسی غلام بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مختلف مقدمات میں انہیں پھنساتے ہوئے نوجوانوں کو دارالسلام اور ان کے اردگرد گھومنے کے لیے مجبور کررہی ہے ۔ پرانے شہر سے مقابلہ کرنے والے کانگریس کے تمام امیدوار کانگریس کے ارکان خاندان ہیں اور پارٹی ان کے ساتھ ہے وہ اپنے ایم ایل سی فنڈز سے پرانے شہر کے مسائل کی یکسوئی کے لیے تعاون کریں گے ۔ ساتھ ہی دوسرے ارکان راجیہ سبھا ، ارکان قانون ساز کونسل سے بھی پرانے شہر کے لیے فنڈز کی اجرائی کے لیے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے علاوہ ریاست کے دوسرے سینئیر قائدین سے مشاورت کریں گے ۔ قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ دوسرے قائدین نے محمد علی شبیر کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی ۔ ان کی قیام گاہ جوبلی ہلز پہونچ کر پارٹی کے کئی سرگرم قائدین نے انہیں مبارکباد دی ۔ اسمبلی حلقہ کاماریڈی میں بھی ان کی سالگرہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT