Tuesday , September 25 2018
Home / جرائم و حادثات / پرانے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کا کارڈن سرچ

پرانے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کا کارڈن سرچ

موٹر گاڑیاں اور غیر قانونی ہتھیار ضبط ، 12 افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ /11 جنوری (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے پھر ایک مرتبہ پرانے شہر کے مختلف مقامات پر کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں کئی جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا کی نگرانی میں 300 پولیس عہدیداروں پر مشتمل پولیس کی خصوصی ٹیموں نے علاقہ اللہ مسجد ، دال منڈی ، کاماٹی پورہ ، گنگانگر نالہ اور دیگر علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں میں تلاشی مہم کی گئی ۔ ساؤتھ زون پولیس نے اب تک پرانے شہر کے 33 مقامات پر کارڈن سرچ آپریشن کیا ہے اور مزید 15 مقامات پر آپریشن کرنا ہنوز باقی ہے ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا کہ ایچ وائی ڈی کوآپس اپلیکیشن اور جی او ٹیگنگ کی مدد سے روڈی شیٹرس اور جرائم میں ملوث افراد کے مکانات پر پہونچ کر ان کی تلاشی لی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں 14 روڈی شیٹروں اور 3 مختلف ٹولیوں سے تعلق رکھنے والے 12 افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان سے تفتیش جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں پولیس نے 40 گاڑیاں ( 38 موٹر سائیکلیں) اور دو آٹوز ضبط کرلئے جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے ۔ اس آپریشن کے دوران پولیس نے دال منڈی علاقہ میں چار تلواریں بھی برآمد کرلی ۔ مسٹر ستیہ نارائینا نے کہا کہ شادی کی براتوں میں آئے دن تلواروں اور خنجروں کے ذریعہ رقص کرنے کے واقعات عام ہوگئے ہیں لیکن پولیس اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ’’انسداد بارات ٹیم‘‘ کی تشکیل دی ہے تاکہ شادیوں کے موقع پر رقص کے دوران ہتھیاروں کے استعمال کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کے استعمال سے جان کو خطرہ لاحق ہے اور یہ قانون کی خلاف ورزی بھی ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT