Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / پرانے 500 کے نوٹوں کے استعمال کی مہلت 15 دسمبر کو ختم :حکومت

پرانے 500 کے نوٹوں کے استعمال کی مہلت 15 دسمبر کو ختم :حکومت

نئی دہلی، 14 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج یہ واضح کیا کہ پرانے 500 کے نوٹوں کو 15 دسمبر کی نصف شب کے بعد سوائے بینک کے کسی بھی جگہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ایک ٹویٹ میں مالیاتی محکمہ کے سکریٹری شکتی کانتا داس نے کہا کہ “پرانے 500 کے نوٹوں کے استعمال کی مہلت 15 دسمبر کی نصف شب کو ہی ختم ہو جائے گی”۔ وزارت خزانہ نے یہ بھی واضح کیا کہ پرانے 500 کے نوٹوں سے موبائل ریچارج کرنے کی سہولت بھی اب نہیں دی جائے گی۔پرانے 500 کے نوٹوں کو 15 دسمبر کی نصف شب تک پانی ، بجلی یا دیگر سرکاری بل کی ادائیگی اور دوائیں خریدنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے ، کیونکہ حکومت نے 500 نوٹوں کو استعمال کرنے کی مہلت میں مزید توسیع نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت خزانہ نے پھر سے یہ واضح کیا کہ پرانی کرنسی کو اب صرف بینکوں میں ہی جمع کیا جاسکتا ہے ۔واضح رہے کہ 8 نومبر کو پرانے 500 اور 1000 کے نوٹوں کو غیر قانونی قرار دے کر ان کا چلن بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن حکومت نے مختلف لازمی خدمات اور ادائیگیوں کے لئے ان کے استعمال کی مہلت دے دی تھی۔بعد میں حکومت نے پرانے نوٹوں کے استعمال کی کچھ رعایتوں کو ختم کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT