Tuesday , December 11 2018

پربھاکرن کی سالگرہ منانے کی کوشش کرنے والے سات افراد گرفتار

کولمبو ۔ 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا میں پیر کے روز ایل ٹی ٹی ای کے بدنام زمانہ مقتول سربراہ پربھاکرن کی 64 ویں یوم پیدائش منانے کی کوشش کرنے والے سات افراد جن میں ایک سابق کونسلر بھی شامل ہے، کو گرفتارکرلیا گیا۔ یاد رہیکہ ایل ٹی ٹی ای نے علحدہ تمل ملک کیلئے سری لنکا میں 30 سالوں تک علحدگی پسند تحریک چلائی تھی جس میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تاہم سری لنکائی حکومت نے بھی اس معاملہ کو تن آسانی سے نہیں لیا تھا اور وہ پربھاکرن کو ٹھکانے لگانے مسلسل کوششیں کررہی تھی جس میں حکومت کو 2009ء میں کامیابی حاصل ہوئی اور پربھاکرن کی قیادت میں چلائی جانے والی علحدگی پسند تحریک کو کچل دیا گیا اور پربھاکرن کو ہلاک کردیا گیا۔ ساتوں افراد کو پربھاکرن کے پیدائشی مقام ویلویٹی رائے سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تیاریاں کررہے تھے۔ وہاں سے کچھ بیانرس بھی ضبط کئے گئے تاہم گرفتار شدہ افراد کو کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ماضی میں جب بھی پربھاکرن کا یوم پیدائش آتا تھا تو اسے ’’یوم ہیرو‘‘ یا ’’یوم شہیداں‘‘ کے طور پر منایا جاتا تھا اور پربھاکرن بھی اس موقع پر ہمیشہ ایل ٹی ٹی ای کی پالیسیوں سے متعلق تقریر کیا کرتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT