Thursday , April 26 2018
Home / Top Stories / پرشانت پٹیل جس نے عام آدمی پارٹی میں بھونچال لادیا

پرشانت پٹیل جس نے عام آدمی پارٹی میں بھونچال لادیا

بالی ووڈ اداکار عامر خاں، ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی ، کنہیا کمار کیخلاف بھی عدالت سے رجوع ہوچکے پرشانت

نئی دہلی۔20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف الیکشن کمشنر نے جمعہ کو دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی (عآپ) کے 20 ارکان کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے منفعت بخش عہدہ کے معاملے میں یہ قدم اٹھایا ہے اور اپنی رپورٹ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کو روانہ کیا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی میں آئے اس بحران کے پیچھے کس شخص کا ہاتھ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ایک وکیل پرشانت پٹیل کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اپنی یہ رپورٹ صدرجمہوریہ کو روانہ کی ہے۔ ’’ٹائمس نیوز نیٹ ورک‘‘ کی اطلاع کے مطابق پرشانت پٹیل ہندو لیگل سیل کے رکن ہیں اور انہوں نے جون 2015ء میں ہی اس وقت کے صدرجمہوریہ کے سامنے درخواست پیش کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری کے غیرقانونی تقرر پر سوال کھڑے کئے تھے۔ 30 سالہ پٹیل اس سے پہلے بالی ووڈ اداکار عامر خاں اور ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کے خلاف بھی فلم ‘PK’ میں ہندو دیوتاؤں کی غلط شبیہ پیش کرنے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اتنا ہی نہیں، پرشانت پٹیل جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ہونے والی نعرہ بازی میں کنہیا کمار نے جب درخواستِ ضمانت داخل کی تھی، تو اس وقت بھی پرشانت پٹیل نے ہی اس کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ اُترپردیش کے ضلع فتح پور کے رہنے والے پرشانت پٹیل کو سنسر بورڈ کے سابق سربراہ لیلا سیامسن کے خلاف بدعنوانی کے الزامات میں شکایت درج کرنے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔ وکالت کی پڑھائی کرنے سے پہلے پرشانت پٹیل نے الہ آباد یونیورسٹی سے ملحق ایک کرسچین کالج سے فزکس اور کریٹیو انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی تھی۔ پٹیل نے نوئیڈا کی چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی پڑھائی کی ہے۔ اس کے بعد وہ دہلی منتقل ہوئے اور یہاں فیملی اور کریمنل مقدمات کی پیروی کرنے لگے۔ واضح رہیکہ حکومت ِ دہلی نے مارچ 2015ء میں عام آدمی پارٹی کے 21 ارکان کو پارلیمانی سیکریٹری بنادیا۔ اسی مسئلہ پر اہم اپوزیشن جماعتیں بی جے پی اور کانگریس نے سوال کھڑے کئے تھے جس کے بعد پرشانت پٹیل ، صدرجمہوریہ کے پاس درخواست پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ یہ 21 ارکان اسمبلی فائدہ بخش عہدہ پر فائز ہیں، لہذا ان کی رکنیت ختم کردینی چاہئے۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے عام آدمی پارٹی کے 21 ارکان اسمبلی کو منفعت بخش عہدہ کے معاملے میں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT