Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / پرشانت کشور میان آف دی میچ

پرشانت کشور میان آف دی میچ

مودی کے عروج پھر زوال کا ذمہ دار
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور نریندر مودی کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کرنے والے پرشانت کشور نے بہار میں نریندر مودی اور بی جے پی کو شکست سے دوچار کرنے میں غیر معمولی رول ادا کیا ۔ نریندر مودی کی کامیابی اور بربادی کی حکمت عملی تیار کرنے میں کلیدی رول ادا کرنے والے 37 سالہ پرشانت کشور کا بہار کے بکسر ضلع سے تعلق ہے ۔ 2011 کے دوران افریقہ میں اقوام متحدہ کے نمائندے کی حیثیت سے استعفیٰ دے کر انہوں نے 2012 میں گجرات انتخابات میں بی جے پی اور نریندر مودی کی کامیابی میں گرانقدر رول ادا کیا تھا ۔ اس کے بعد 2014 کے عام انتخابات لوک سبھا میں نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے میں اہم کامیابی حاصل کی ۔ ’ چائے پر چرچہ ‘ پروگرام ان کی ہی ذہنی اختراع ہے ۔ اس مرتبہ پرشانت کشور نے نریندر مودی کا ساتھ چھوڑ کر چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا ساتھ دیا اور نریندر مودی کو عروج پر پہونچانے کے بعد انہیں زوال پذیر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ لوک سبھا میں ’ چائے پر چرچہ ‘ موضوع کے جواب میں بہار میں ’ پمفلٹس پر چرچہ ‘ کا اہتمام کیا جو غیر معمولی مہم کو عوامی جذبات سے جوڑتے ہوئے اس کو سائنٹیفک طرز پر فروغ دیا ۔ اپنی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔ ملک میں پہلی مرتبہ گھر گھر انتخابی مہم چلانے خواتین کی مخصوص ٹیم تیار کی اور انہیں بی پی ایس سہولتوں پر مشتمل سیکلیں فراہم کرتے ہوئے گھروں میں نتیش کمار حکومت کی 10 سالہ کارکردگی پر خواتین کی ذہن سازی پر خصوصی توجہ دی ۔ پروگرامس میں کلرس کے انتخاب اور عام افراد کو راغب کرنے بڑی احتیاط سے کام کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بہار حکومت پر کی گئی تنقیدیں ، نتیش ۔ لالو اور کانگریس پر لگائے گئے الزامات کا صحیح ڈھنگ سے جواب دینے اور عوام کے دلوں میں اترجانے والے الفاظ کا انتخاب کیا ۔ ہر الزام کا جوابی الزام اور منہ توڑ جواب تیار کرتے ہوئے بی جے پی اور نریندر مودی کو لاجواب کردیا ۔ یہی نہیں انتخابی مہم میں ’ ہر دہلیز پر قدم ‘ پروگرام تیار کیا اور بہاری عوام کا دل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ بہار کی انتخابی مہم کے دوران انہوں نے اپنے لباس میں بھی تبدیلی کی ۔ نریندرمودی کی انتخابی مہم میں جینس اور ٹی شرٹ زیب تن کرنے والے پرشانت کشور نے بہار کی انتخابی مہم میں ’ کرتا پاجامہ ‘ زیب تن کرنے کو ترجیح دی ۔

TOPPOPULARRECENT