Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / پروفیسر سید حامدکی قومی و ملی خدمات کو انجمن ترقی اُردو کا خراج

پروفیسر سید حامدکی قومی و ملی خدمات کو انجمن ترقی اُردو کا خراج

حیدرآباد 3 جنوری (فیاکس) ممتاز دانشور، ماہر تعلیم، مصلح قوم، سابق صدر انجمن ترقی اُردو (ہند) جناب سید حامد کے سانحہ ارتحال پر جناب غلام یزدانی سینئر ایڈوکیٹ صدر انجمن ترقی اُردو ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش نے اپنے تعزیتی پیام میں جناب سید حامد کی قومی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے۔ نہایت ملنسار اور منکسر المزاج طبیعت پائی تھی۔ دھیمی آواز میں گفتگو فرماتے۔ گفتگو نہایت مختصر مگر پُرمغز ہوتی تھی۔ حکومت ہند کی قائم کردہ راجندر سچر کمیٹی کے ایک اہم رکن تھے اور آپ کی پیش کردہ بیشتر تجاویز کو رپورٹ میں شامل کیا گیا۔ سرکاری خدمات سے سبکدوش ہونے کے بعد مادر جامعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر ہوئے۔ انتظامیہ میں تبدیلیاں لائیں اور درس و تدریس کے معیار میں نکھار پیدا کیا۔ وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے چانسلر بھی رہے۔ حکیم عبدالحمید بانی ہمدرد دواخانہ کی قائم کردہ ہمدرد یونیورسٹی کے تاحیات چانسلر رہے۔ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی سدھار سے متعلق ان کے مضامین انجمن کے ہفت روزہ ’’ہماری زبان‘‘ میں پابندی سے شائع ہوتے تھے۔ رسالہ نیشن اینڈ دی ورلڈ کے بانی ایڈیٹر تھے۔

TOPPOPULARRECENT