Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / پروفیسر کودنڈارام پر مخالف تلنگانہ جماعتوں کے ساتھ اتحاد کا الزام

پروفیسر کودنڈارام پر مخالف تلنگانہ جماعتوں کے ساتھ اتحاد کا الزام

حکومت کے خلاف محاذ، وزیرآبپاشی ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/14اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام مخالف تلنگانہ جماعتوں کے ساتھ اتحاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور سی پی ایم نے تشکیل تلنگانہ کی مخالفت کی تھی لیکن کودنڈا رام آج ان ہی پارٹیوں کے ساتھ ملکر تلنگانہ حکومت کے خلاف محاذ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے تلنگانہ تحریک کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کررہی ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں کو یہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہر فیصلہ کی مخالفت کرنا اپوزیشن کی عادت بن چکی ہے اور وہ حقائق کا پتہ چلائے بغیر ہی الزام تراشی کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ دراصل تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، تلگودیشم اور بائیں بازو کی جماعتوں نے جے اے سی صدرنشین کودنڈا رام کو حکومت کے خلاف مہم کیلئے تیار کیا ہے اور وہ ان کے اشارہ پر کام کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کودنڈا رام کو حکومت پر تنقید کے بجائے تعمیری تجاویز پیش کرنا چاہیئے تاکہ سنہرے تلنگانہ کی سمت تیزی سے پیش قدمی کی جاسکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے جبکہ تلنگانہ کے عوام نے ٹی آر ایس کو اپنی پسندیدہ پارٹی کے طور پر قبول کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کیلئے تلنگانہ میں کوئی مقام نہیں کیونکہ وہ تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام پراجکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کی خواہاں ہے لیکن عدالتوں میں مقدمات کے ذریعہ تکمیل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی رکاوٹوں کے باوجود حکومت پراجکٹس کی تکمیل کے عہد پر قائم ہے۔ ہریش راؤ نے آج میدک ضلع میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دیتی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی مقصد براری کیلئے کام کررہی ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT